پاکستانی خبریں

پاکستان میں کورونا ویکسینیشن کا آغاز: ’طبی عملے کو ویکسین پہلے لگے گی‘

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ’ملک میں کورونا ویکسین لگانے کی مہم کا آغاز ہو گیا ہے، چاروں صوبوں سمیت ملک بھر میں ویکسین منصفانہ طور پر فراہم کی جا رہی ہے۔‘
منگل کو اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے بتایا کہ ’پاکستان میں سب سے پہلے ویکسین طبی عملے کے ارکان کو لگائی جائے گی کیونکہ انہیں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ خطرہ ہے۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’چین کی طرف سے پاکستان کو ویکسین کی پانچ لاکھ خوراکیں بطور عطیہ فراہم کی گئی ہیں۔‘
وزیراعظم نے ایس او پیز کو اب بھی اہم قرار دیتے ہوئے عوام کو تاکید کی کہ ’وہ سماجی فاصلے اور خاص طور پر ماسک لازمی استعمال کریں۔‘
بقول ان کے ’ماسک پہننے سے مرض پھیلنے کا خطرہ کافی حد تک کم ہو جاتا ہے۔‘
وزیراعظم نے دیگر ممالک کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ’وہاں کے مقابلے میں پاکستان کے حالات بہت بہتر ہیں تاہم احتیاط اب بھی ضروری ہے۔‘
وزیراعظم نے امریکہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’وہاں کورونا وائرس سے چار لاکھ سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ برطانیہ میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوچکی ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کئی ممالک میں ابھی تک لاک ڈاؤن چل رہا ہے۔‘
عمران خان نے کہا کہ ’کچھ شعبوں میں ابھی تک جو پابندیاں چل رہی ہیں وہ بھی صورت حال مزید بہتر ہونے پر ختم کر دی جائیں گی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’ہمارے ہاں بیماری کی شرح بتدریج کم ہو رہی ہے۔‘
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ’صوبوں کو کورونا ویکسین کی پہلی کھیپ بھجوا دی گئی ہے اور بدھ سے صوبوں میں بھی ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز ہو جائے گا۔‘

حکام کا کہنا ہے کہ ‘صوبہ سندھ کو کورونا ویکسین کی 84 ہزار خوراکیں موصول ہو چکی ہیں۔‘
اس سے قبل سنیچر کو وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بتایا تھا کہ ’ویکسین کے حوالے سے قائم اقوام متحدہ کے فورم کوویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین کی ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکوں کی فراہمی کا خط موصول ہوا ہے۔‘
اسد عمر نے ٹویٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ ’ویکسین کی فراہمی کے لیے گلوبل الائنس کویکس کی جانب سے پاکستان کو کورونا ویکسین فروری سے ملنا شروع ہو جائے گی۔‘
ان کے مطابق ’پاکستان کو ویکسین کی 60 لاکھ خوراکیں مارچ تک مل جائیں گی جبکہ تمام ایک کروڑ 70 لاکھ خوراکیں 2021 کی پہلی ششماہی میں موصول ہو جائیں گی۔‘

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button