پاکستانی خبریںعالمی خبریں

وزیر اعظم شہباز شریف 16 تا 17 فروری کو ترکیہ کا دورہ کریں گے

خلیج اردو: 6 فروری 2023 کو آنے والے شدید زلزلے کے تناظر میں ترکیہ کے عوام کے ساتھ یکجہتی کے لئے وزیر اعظم محمد شہباز شریف 16-17 فروری 2023 کو ترکیہ کا دورہ کریں گے۔

انقرہ میں اپنے قیام کے دوران وزیراعظم ترکیہ کے صدر جناب رجب طیب اردوان سے ملاقات کریں گے اور زلزلے سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر ہونے والے نقصان پر پوری پاکستانی قوم کی جانب سے تعزیت کا اظہار کریں گے۔ وزیراعظم مشکل کی اس گھڑی میں ترکیہ کی عوام کے ساتھ کھڑے ہونے اور امدادی کاروائیوں میں ہر ممکن تعاون جاری رکھنے کے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کریں گے.

وزیراعظم جنوبی ترکی میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور علاقے میں تعینات پاکستانی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں اور زلزلہ متاثرین سے بھی ملاقات کرینگے.

جنوبی ترکی میں تباہ کن زلزلے کے تناظر میں، وزیر اعظم نے 6 فروری کو صدر اردگان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا اور انہیں ریسکیو اور ریلیف کی کوششوں کے لیے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی تھی۔

پاکستان کی جانب سے ترکیہ کے بھائیوں اور بہنوں کی مدد کے لیے تمام دستیاب وسائل کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم ذاتی طور پر امدادی سرگرمیوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ممالک ہر آزمائش اور مصیبت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button