پاکستانی خبریںعالمی خبریں

وزیراعظم شہباز شریف کی جمہوریہ فرانس کے صدر سے ملاقات، موسمیاتی تبدیلیوں سے متائثرہ پاکستان کیلئے ملکر کوششوں پر اتفاق

خلیج اردو
نیویارک: پاکستان کے وزیراعظم محمد شہبازشریف نے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر جمہوریہ فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کی ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر اعظم آفس سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان فرانس کے ساتھ دوطرفہ اور یورپی یونین کے تناظر میں اپنے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔

وزیر اعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، دفاع و سلامتی اور اعلیٰ تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں ان تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

مسٹر شریف نے جی ایس پی پلس اسٹیٹس کے لیے فرانس کی حمایت پر صدر جمہوریہ فرانس کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس نے پاکستان کے یورپی یونین کے ساتھ ساتھ فرانس کے ساتھ بھی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے میں مدد کی۔

وزیر اعظم نے فرانس کے صدر کو پاکستان بھر میں بڑے پیمانے پر موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں آنے والے سیلاب سے تباہی اور اس سنگین صورتحال سے نمٹنے کے لیے حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا۔ وزیر اعظم نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے یکجہتی، مدد، خیموں، واٹر پمپس، ڈاکٹروں اور نرسوں کی ٹیم بروقت امداد بھیجنے پر فرانسیسی صدر کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ فرانس بحالی اور تعمیر نو کے مرحلے میں بھی حکومت پاکستان کی کوششوں میں تعاون کرے گا۔

وزیر اعظم نے مزید کہا کہ عالمی کاربن فٹ پرنٹ میں معمولی حصہ ہونے کے باوجود، پاکستان موسیماتی تبدیلی سے تباہی کے خطرے سے بری طرح دوچار ہے جیسا حالیہ بارشوں اور سیلاب میں دیکھنے میں آیا۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان تعاون بلکہ اجتماعی عالمی کارروائی کے لیے ایک ممکنہ موضوں شعبہ ہے۔

دونوں رہنماؤں نے اس سنگین چیلنج سے نمٹنے اور بین الاقوامی تعاون کی مدد سے ایک مضبوط انفراسٹرکچر کی تعمیر میں پاکستان کی مدد کے طریقوں اور ذرائع کی نشاندہی کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماؤں نے مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button