پاکستانی خبریںعالمی خبریں

کوئٹہ دھماکے میں سات افراد ہلاک ، متعدد زخمی

خلیج اردو: کوئٹہ میں ریموٹ کنٹرول بم دھماکے سے کم از کم سات افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس حکام کے مطابق اتوار کے روز پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ شہر میں ہورہا تھا کہ دھماکا ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دھماکہ کوئٹہ کے نواح میں واقع ہزارگنجی فروٹ مارکیٹ میں ہوا ، جہاں دہشت گردوں نے موٹرسائیکل میں بارودی مواد نصب کیا ہوا تھا۔

ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس حملے میں چار سے پانچ کلو وزنی بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد عناصر اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لئے کوئٹہ کا امن خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے حکام کو زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کی ہدایت کی۔

دو دن قبل ہی ، بلوچستان حکومت نے پی ڈی ایم قیادت سے سیکیورٹی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے کوئٹہ میں اپنے 25 اکتوبر کے جلسے میں تاخیر کرنے کی اپیل کی تھی۔

ایک نیوز کانفرنس کے دوران ، بلوچستان حکومت کے ترجمان لیاقت شاہوانی نے کہا ، "دہشتگرد بلوچستان میں سیاسی قیادت کو نشانہ بنا رہے ہیں۔”

شاہوانی کے تبصرے کے بعد اسلام آباد میں نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے پشاور اور کوئٹہ کے لئے خطرے کا انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کالعدم عسکریت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان دونوں شہروں میں دہشت گردی کی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button