پاکستانی خبریں

سوڈان سے سعودی شہریوں اور پاکستان سمیت دیگر ممالک کے شہریوں اور سفارتکاروں کا انخلاء کرایا گیا ، سعودی سفارتخانہ

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):پاکستان میں سعودی سفارتخانہ کے حکام نے کہا ہے کہ سعودی قیادت کی ہدایات پر سوڈان سے سعودی شہریوں اور بعض دوست ممالک کے شہریوں اور سفارتکاروں کا انخلاء ممکن ہوا ہے ۔

 

اتوار کو سعودی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی قیادت کی ہدایات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سعودی شہریوں اور ساتھ ہی ساتھ برادر اور دوست ممالک کے متعدد شہریوں بشمول سفارتکاروں اور بین الاقوامی حکام کی بحفاظت آمد کا اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے جن کا جمہوریہ سوڈان سے انخلاء کرایا گیا ہے۔

یہ تمام افراد مسلح افواج کے مختلف شعبوں کے تعاون سے رائل سعودی بحری افواج کی جانب سے کئے گئے انخلاء کے آپریشن میں سعودی عرب پہنچے ہیں۔ سعودی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق انخلاء کے ذریعے آنے والے شہریوں کی تعداد 91 تک پہنچ گئی ہے جن میں برادر اور دوست ممالک کے شہریوں کی تعداد تقریباً 66 ہے۔

ان شہریوں میں کویت، قطر، متحدہ عرب امارات، مصر، تیونس، پاکستان، بھارت، بلغاریہ، بنگلہ دیش، فلپائن، کینیڈا اور برکینا فاسو کے باشندے شامل ہیں۔ سلطنت نے غیرملکی شہریوں کی ان کے ممالک کو روانگی کے لیے تمام ضروری اقدامات اور تقاضوں کو پورا کر لیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button