پاکستانی خبریں

پاکستانی سینئر اداکار رشید ناز علالت کے بعد انتقال کر گئے

خلیج اردو: پاکستانی ڈراموں اور فلموں کے سینیئر اداکار رشید ناز 73 برس کی عمر میں کچھ عرصہ علیل رہنے کے بعد 17 جنوری کو خالق حقیقی سے جا ملے۔

رشید ناز پشاور، خیبرپختونخوا میں 9 ستمبر 1948 میں پیدا ہوئے اور نوجوانی میں 1971 میں اداکاری کا آغاز کیا۔

رشید ناز کے انتقال کی اطلاع ان کی بہو اور اداکارہ مدیحہ رضوی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کے ذریعے دی، انہوں نے بتایا کہ رشید ناز اب ہم میں نہیں رہے۔

مدیحہ رضوی نے لکھا کہ ’ہمارے پیارے بابا رشید ناز آج صبح اس دنیا سے رخصت ہو گئے، مرحوم کی روح کے ایصال ثواب کے لیے سورہ فاتحہ ضرور پڑھیں۔‘ ساتھ ہی انہوں نے اپنے شوہر اداکار حسن نعمان کو بھی ٹیگ کیا۔

رشید ناز نے اپنے ٹیلی ویژن کیرئیر کا آغاز 1971 میں پشتو ڈرامے سے کیا۔ انہوں نے متعدد پشتو، ہندکو اور اردو زبان کے ڈراموں میں کام کیا۔

ان کا پہلا اردو ڈرامہ ’ایک تھا گاؤں‘ تھا جو 1973 میں نشر کیا گیا۔ ان کا پہلا مقبول ڈرامہ ’ناموس‘ تھا۔ انہوں نے پاکستان کے پہلے نجی ٹیلی ویژن کے ڈرامے ’دشت‘ میں بھی کام کیا۔

رشید ناز نے 1988 میں اپنی پہلی پشتو فلم ’زما جنگ ‘میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button