پاکستانی خبریں

میڈیا بریسٹ کینسر کی آگاہی مہم کی تقریبات کا بھی مناسب پرچار کرے، صدر کا وزیر اعظم سمیت معاشرے کے اہم کرداروں کے نام خط

خلیج اردو
اسلام آباد: پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم ، وزراء ، اراکین پارلیمنٹ اور میڈیا کے نام خط میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم میں فعال شراکت دار بننے کی دعوت دی گئی ہے۔

صدر نے اپنے خطوط میں چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی مہم میں تعاون کی بھی اپیل کی ہے۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ آگاہی مہم میں پسماندہ طبقے ، سیلاب زدہ علاقوں کی خواتین پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔

صدر مملکت کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ہر سال چھاتی کے کینسر کے تقریباً 1 لاکھ نئے کیسز رپورٹ ہوتے ہیں۔تاخیر سے تشخیص کے باعث 50٪ مریض موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں۔جسمانی معائنہ کرنے اور مرض کی جلد تشخیص سے 98٪ جانیں بچائیں جا سکتی ہیں۔

صدر نے بتایا ہے کہ خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی گزشتہ چار سالوں سے بریسٹ کینسر آگاہی مہم کی قیادت کر رہی ہیں۔ 4 سالہ آگاہی مہم کے نتیجے میں ہسپتالوں میں چھاتی کے کینسر کے کیسز کی رپورٹنگ میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

صدر مملکت نے خط میں گزشتہ چار سالوں کے دوران میڈیا کے مسلسل تعاون پر شکریہ ادا کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آگاہی مہم کی کامیابی میڈیا کے قابل قدر تعاون اور شراکت کے بغیر ممکن نہ تھی۔ میڈیا اس سال بھی آگاہی مہم میں اپنا فعال کردار ادا کرے۔

صدر نے کہا ہے کہ میڈیا خواتین کو نیوز بلیٹنز، خصوصی رپورٹس، ڈراموں، مارننگ شوز ، مضامین ، کالم اور اداریوں کے ذریعے بریسٹ کینسر کے بارے میں آگاہی فراہم کرے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button