پاکستانی خبریںعالمی خبریں

بھارت کی جانب سے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ جاری، مزید 7 کشمیریوں کو شہید کر ڈالا

خلیج اردو

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے معصوم کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تھم نہ سکا، قابض فوج نے مزید 7 کشمیریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا ڈالا۔ پاکستان کی جانب سے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی شدید مذمت، عالمی برادری سے انسانیت سوز سلوک پر نوٹس کا مطالبہ کر دیا۔

 

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ قابض بھارتی فورسز نے مزید 7 کشمیریوں کو اپنی بربریت کا نشانہ بنا ڈالا۔ بھارتی قابض فورسز نے 25 ستمبر کو کپواڑہ میں دو بے گناہ کشمیریوں کو بے رحمی سے شہید کیا۔ایک اور وحشیانہ واقعہ میں 26 ستمبر کو ضلع کولگام میں ایک ،27 ستمبر کو ضلع کولگام میں دو بے گناہ کشمیریوں کو پولیس مقابلے میں گولی مار کر شہید کیا گیا جبکہ گزشتہ روز بارہمولہ میں بھی دو بے گناہ کشمیریوں کو جعلی مقابلے کا نشانہ بنا کر ہلاک کیا گیا۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے  بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے میں بھارتی فورسز روزانہ کی بنیاد پر ماورائے عدالت قتل عام جاری رکھا ہوا ہے۔ ہندوستان جعلی مقابلوں، تلاش آپریشنز اور ماورائے عدالت قتل عام سے کشمیریوں کو دبانا چاہتا ہے۔

 

ترجمان کا کہنا ہے کہ بھارت مسلسل انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، قانون و انصاف کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔بھارت نے 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے بعد سے 678 سے زائد کشمیری قتل کیے۔قابض ہندوستانی فورسز نے صرف رواں سال 158 کشمیری ماورائے عدالت قتل کیے۔

 

پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل عام کی تحقیقات کی جائیں۔ اقوام متحدہ کمیشن آف انکوائری مقبوضہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل عام کی تحقیقات کرتے ہوئے بھارت کو معصوم کشمیریوں پر ڈھائے ظلم و ستم کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے۔

 

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان ایک بار پھر مطالبہ دہراتا ہے کہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل قراردادوں، کشمیری امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔عالمی برادری تنازعہ جموں و کشمیر کے منصفانہ اور پرامن حل کو یقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button