پاکستانی خبریں

قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی، مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنائیں گے، آرمی چیف

خلیج اردو

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے ضلع خیبر میں وادی تیراہ کا دورہ کیا اور پاک افغان بارڈر پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں کے ساتھ دن گزارا، فیلڈ کمانڈر نے مغربی بارڈرز مینجمنٹ اور آپریشنل تیاریوں سمیت بارڈر کنٹرول اقدامات بارے بریفنگ دی۔

 

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق افسران اور جوانوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے فرض کی ادائیگی کیلئے ان کے بلند حوصلے اور آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی، آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی عوام اور سیکورٹی فورسز کی بے شمار قربانیوں سے ریاست کی رٹ قائم ہوئی۔

 

آرمی چیف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ قوم کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی اور پائیدار امن اور استحکام یقینی بنایا جائے گا، جنرل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ مادر وطن کا دفاع ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا اور بے شمار قربانیوں سے حاصل امن خراب کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں حاصل کردہ کامیابیوں رائیگاں نہیں ہونے دی جائیں گی۔

 

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے بعد ازاں کور ہیڈ کوارٹرز پشاور کا بھی دورہ کیا ، یادگار شہداء پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، آرمی چیف کو آپریشنل، تربیتی اور فارمیشن کے دیگر امور کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی، جس میں نئے ضم شدہ اضلاع کی ترقی کے لئے سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبوں کے لئے محفوظ ماحول کی فراہمی بھی شامل ہے،آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے استقبال کیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button