پاکستانی خبریںعالمی خبریں

کراچی کے قریب سمندر میں دنیا کی نایاب ترین وہیل دیکھی گئی

خلیج اردو: کراچی کے قریب سمندر میں ماہی گیروں نے نایاب ‘ہیمپ بیک وہیل’ کی ویڈیو ریکارڈ کی ہے، یہ وہیل کی نایاب ترین نسل ہے۔

تیکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان معظم خان کے مطابق کراچی کے قریب ماہی گیروں نے ہیمپ بیک وہیل دیکھی جس کی انھوں نے ویڈیو بنالی۔

معظم خان کے مطابق ہیمپ بیک دنیا میں وہیل کی نایاب ترین نسل ہے، دنیا میں اس نسل کی تعداد 100 سے بھی کم رہ گئی ہے، یہ دنیا کی واحد وہیل ہے جو کھانے اور نسل کو آگے بڑھانےکے لیے بحیرہ عرب کا رخ کرتی ہے، گزشتہ 5 سالوں کے دوران سندھ اور بلوچستان کے سمندر میں 79 سے زائد ہیمپ بیک وہیل دیکھی گئیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہیمپ بیک وہیل پاکستان کے علاوہ بھارت، عمان ، یمن اور سری لنکا میں بھی پائی جاتی ہیں۔

معظم خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سمندر میں 5 برسوں کے دوران بلیو وہیل 17 مرتبہ اور بروڈس نسل کی وہیل دس مرتبہ دیکھی گئی جب کہ بہت فاصلے سے دیکھی گئی اور نامکمل تفصیلات پر مشتمل دیکھی جانے والی وہیلز کی تعداد 97 کے لگ بھگ ہے ۔

تیکنیکی مشیر ڈبلیو ڈبلیو ایف پاکستان کا کہنا تھا کہ وہیل کی تمام اقسام 2016 سے اب تک پاکستانی پانیوں میں 222 مرتبہ دیکھی جاچکی ہیں، پاکستان میں وہیل کی چھوٹی بڑی 6 اقسام پائی جاتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button