پاکستانی خبریں

رواں سال پاکستان جدید اور نیا ائیر ڈیفنس سسٹم حاصل کر لے گا

سال 2047 تک پاکستان فضائیہ ایک نیکسٹ جنریشن فورس بن چکی ہوگی، موجودہ دور میں فضائی طاقت کسی بھی جنگ کا اہم جزو ہے: ائیر چیف مجاہد انور خان

رواں سال پاکستان جدید اور نیا ائیر ڈیفنس سسٹم حاصل کر لے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ کے سربراہ مجاہد انور خان کی جانب سے پاکستان کی دفاعی صلاحیت میں مزید اضافے کے حوالے سے اہم اعلان کیا گیا ہے۔ ائیر چیف کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستان رواں سال نیا ائیرڈیفنس میزائل سسٹم حاصل کر لے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ سال 2047 تک پاکستان فضائیہ ایک نیکسٹ جنریشن فورس بن چکی ہوگی، 25 فروری کو میراج طیاروں کی گولڈن جوبلی منائیں گے۔ موجودہ دور میں فضائی طاقت کسی بھی جنگ کا اہم جزو ہے۔ جنگ کے دوران دشمن کے دانت کھٹے کرنے میں فضائیہ کا اہم ترین کردار ہے۔ ائیر چیف مجاہد انور خان کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کا جنگی جنون خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑ سکتا ہے، وقت نے ثابت کیا کہ پلوامہ ایک خود ساختہ ڈرامہ تھا۔

28 فروری کو نریندر مودی نے اپنی فضائیہ کا سیاسی استعمال کیا، لیکن پھر پاکستان کے فضائی آپریشن سوئفٹ ریٹارٹ نے پاک فضائیہ کی بالادستی ثابت کی۔ پاکستان نے اس آپریشن کے دوران وقت، ٹارگٹ، طاقت اور ہتھیاروں کا انتخاب کیا۔ ان کا مزید بتانا ہے کہ پاک فضائیہ نائیجیریا کو ناصرف جے ایف 17 تھنڈر جنگی طیارے فروخت کر رہی، بلکہ نائیجیریا کی فضائیہ کو تربیت بھی فراہم کی جا رہی ہے۔

واضح رہے کہ جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی جانب سے خطے میں شروع کی گئی ہتھیاروں کی نئی دوڑ کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کی جانب سے بھی ہر ممکن اقدام اٹھایا جا رہا ہے۔ وطن عزیز کے دفاع کے مزید مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کی جانب سے اپنے دوست و اتحادی ممالک چین اور ترکی کیساتھ بھی اہم دفاعی معاہدے کیے گئے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے جدید جنگی بحری جہاز، آبدوزیں، جنگی ڈرونز سمیت دیگر دفاعی آلات بھی حاصل کیے جا رہے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button