پاکستانی خبریں

ایاز صادق کا بھارتی پائلٹ سے متعلق بیان، افواج پاکستان نے اسے حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے گمراہ کن قرار دے دیا

خلیج اردو
29 اکتوبر 2020
عاطف خان خٹک
راولپنڈی: مسلح افواج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارتی پائلٹ کی رہائی کو غلط رنگ دینا قوم کیلئے قابل قبول نہیں۔

راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہون نے کہا کہ کل ایک ایسا بیان دیا گیا جس میں تاریخ کو مسخ کرنے کی بات کی گئی۔ جس حوالے سے آج کی پریس کانفرنس کا ون پوائنٹ ایجنڈا پر بلائی گئی ہے جو کہ ریکارڈ کی درستگی ہے۔

جنرل بابر کا کہنا تھا کہ پلوامہ واقعے کے بعد بھارت نے 27 جنوری کو ناصرف منہ کی کھائی بلکہ پوری دنیا میں ہزیمت بھی اٹھائی، دشمن کے جہاز جو بارود پاکستان کے عوام پر گرانے آئے تھے وہ بھوکلاہٹ میں خالی پہاڑوں پر پھینک کر چلے گئے۔ پاکستان نے صرف اپنا کامیاب دفاع کیا بلکہ ان کے جہاز گرا کر ایک پائلٹ کو زندہ بھی گرفتار کیا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کی رہائی کو کسی اور چیز سے جوڑنا انتہائی گمراہ کن ہے، یہ چیز کسی بھی پاکستانی کیلئے قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستان نے اعلانیہ ہندوستان کو دن کی روشنی میں جواب دیا، دشمن کے 2 جہاز گرائے، پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا، اللہ کی نصرت سے ہمیں ہندوستان کے خلاف واضح فتح نصیب ہوئی اور پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا،۔ اس فتح کو دنیا بھر میں تسلیم کیا گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ ابھی نندن کو جنیوا کنونشن کے تحت رہا کرنے کا فیصلہ کیا گیا، پاکستان کے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر ایک موقع دیتے ہوئے ابھی نندن کو رہا کرنے کا فیصلہ کیا اور اس فیصلے کو پوری دنیا نے سراہا۔

پریس کانفرنس کے اختتام میں جب ان سے سوال پوچھا گیا کہ کیا ایسے بیانات پاک فوج کی لیڈرشپ اور باقی افسران کے درمیان پھوٹ ڈالنے کی کوشش ہے تو انہوں نے پریس کانفرنس کو ون پوائنٹ ایجنڈے پر مبنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ سوال نہیں لے رہے تاہم اب بتاتا چلوں کہ افواج پاکستان ایک منظم ادارہ ہے اور اس میں کسی بھی قسم کی پھوٹ ڈالنے کی کوشش نہیں کی جا سکتی۔

جنرل بابر نے واضح کیا کہ افواج پاکستان کی لیڈرشپ پر اندھا اعتماد پاک فوج کا خاصہ ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button