پاکستانی خبریں

ہمیں معاشی طور پر روس کی ضرورت تھی، عمران خان

خلیج اردو : چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہمیں معاشی طور پر روس کی ضرورت تھی، ہمارا سب سے بڑا مسئلہ معیشت کا ہے جسے بہتر کرنا ہوگا۔

یہ بات انہوں نے غیرملکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کے خلاف سازش ہوئی جو22کروڑ افراد کے لیے باعث شرمندگی ہے کہ ایک منتخب وزیراعظم کو سازش کے ذریعے ہٹایا گیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں جب بھی پاکستان میں حکومتیں ہٹائی گئیں ان کی وجہ کرپشن تھی، پہلی بار جب حکومت کو ہٹایا گیا تو کسی کیخلاف کرپشن کے مقدمات نہیں تھے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ جب سے ہمیں ہٹایا گیا تب سے ملک کی معیشت کافی حد تک نیچے آگئی، ہم جمہوری اداروں کومضبوط کرنے کے عمل میں ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دورہ روس کے حوالےسے بتایا کہ روس کا دورہ پہلے سے ہی طے تھا، تمام اسٹیک ہولڈرز چاہتے تھے کہ ہمارے روس سے تعلقات بہتر ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں معاشی طور پر روس کی ضرورت تھی، ہمیں روس سے گیس, آئل اور گندم چاہیے تھی، روس سے ہمیں تیل 30 فیصد رعایت پر مل رہا تھا، مجھے نہیں پتا تھا ہمارے روس پہنچے کے اگلی صبح ہی تنازع شروع ہوجائے گا۔

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کا اس وقت سے بڑا معاشی مسئلہ ہے ہمیں وہ بہتر کرنا ہوگا، پاکستان اور بھارت کے درمیان واحد تنازع کشمیر کا ہے، بھارت نے2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کردی۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جو بھی واقعہ ہوتا ہے بھارت پاکستان پر الزام لگاتا ہے، پاکستان پر الزام عائد کرنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، عالمی قرارداد کے مطابق کشمیریوں کو حق دینا ضروری ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button