
خلیج اردو: متحدہ عرب امارات کی ائیر لائن ایمریٹس نے دبئی سے روانگی پر کاغذی بورڈنگ پاسز کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ڈیجیٹل بورڈنگ پاسز متعارف کروا دیئے ہیں۔
ایمریٹس نے مسافروں کی آسانی کیلئے 15 مئی سے کاغذ کی چھپائی والے بورڈنگ پاسز کو بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بورڈنگ پاسز ڈیجیٹلائز کیے جانے کا ایک مقصد کاغذ کو ضائع ہونے سے بچانا ہے اور مسافروں کو جدید ڈیجیٹل سفری سہولت مہیا کرنا ہے اس کے علاوہ مسافروں کو بورڈنگ پاسز گم ہوجانے جیسی ذہنی اذیت سے بچا کر پرسکون سفر فراہم کرنا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مسافر اب ای میل اور ایس ایم ایس کے ذریعے بورڈنگ پاسز حاصل کرسکیں گے حتیٰ کہ مسافروں کو سامان کی رسید بھی ای میل اور ایس ایم ایس یا پھر ایمیریٹس ایپ کے ذریعے فراہم کی جائے گی۔
انتظامیہ کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ چند صورتوں میں کاغذ کے بنے بورڈنگ پاسز کا استعمال ہوگا جن میں شیر خوار بچوں کے ساتھ سفر کرنے والے مسافر، نابالغ بچوں کے ساتھ، خصوصی مدد کی ضرورت والے مسافر، دوسری ائیر لائنز پر آگے کی پروازوں والے مسافر اور وہ تمام مسافر بھی شامل ہیں جو امریکا کی پروازوں میں سفر کر رہے ہوں۔
اس کے علاوہ موبائل کی بیٹری ختم ہونے، موبائل فون نہ ہونے اور میسج تاخیر میں ملنے کی صورت میں بھی پرنٹڈ بورڈنگ پاسز حاصل کیے جاسکتے ہیں