متحدہ عرب امارات

حاکمِ دبئی اورسوڈانی وزیراعظم کادونوں ملکوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امورپر تبادلہ خیال

خلیج اردو – سوڈانی وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے منگل کے روز حاکمِ دبئی شیخ محمد بن راشد آل مکتوم سے ٹیلی فون پر بات چیت کی ہے اور ان سے متحدہ عرب امارات اور سوڈان کے درمیان باہمی دلچسپی کے مختلف امور کے بارے میں تبادلہ خیال کیا ہے۔

انھوں نے سوڈان کے اسرائیل کے ساتھ گذشتہ جمعہ کو معمول کے سفارتی تعلقات استوار کرنے کے اعلان کے تناظر میں تبادلہ خیال کیا ہے۔سوڈان اسرائیل کے ساتھ امن سمجھوتا طے کرنے والا تیسرا عرب ملک ہے۔

اسرائیل کا ایک اعلیٰ سرکاری وفد آیندہ چند روز میں سوڈان کے ساتھ معمول کے تعلقات استوار کرنے کے لیے امن معاہدے کو حتمی شکل دینے کی غرض سے خرطوم کا دورہ کرے گا۔

سوڈان سے پہلے گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے امن معاہدے طے کیے ہیں۔یہ دونوں امن معاہدے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی میں طے پائے تھے اور انھوں ہی نے اسرائیل اور سوڈان کے درمیان تیسرے امن سمجھوتے کا اعلان کیا تھا۔

اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر نے اتوار کو ایک بیان میں کہا تھا کہ بنیامین نیتن یاہو نے صدر ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا ہے۔انھوں نے سوڈانی وزیراعظم عبداللہ حمدوک اور خود مختار کونسل کے چیئرمین جنرل عبدالفتاح البرہان کا بھی ان کے تاریخی فیصلے پرشکریہ ادا کیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button