متحدہ عرب امارات

دبئی میں نوماہ کے دوران ٹریفک حادثات سے شرح اموات میں 42 فیصد کمی

خلیج اردو – دبئی میں جنوری 2020 کے بعد سے سڑک حادثات میں ہونے والی اموات کی شرح 42 فیصد کم ہوگئی جبکہ اسی عرصہ میں ٹریفک حادثات کی شرح بھی 46 فیصد کم رکارڈ کی گئی ۔

یہ بات دبئی پولیس کی طرف سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار میں بتائی گئی – دبئی پولیس کے ڈائریکٹوریٹ جنرل ٹریفک کے سالانہ معائینہ کے دوران ان اعداد و شمار کی تفصیلات پیش کی گئیں ۔ اس موقع پر دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف لیفٹنٹ جنرل عبداللہ خلیفہ المری نے دبئی کی شاہرات اور سڑکوں کو محفوظ بنانے کیلئے محکمہ کی کاوشوں کو بھرپور سراہا –

ان اعداد و شمار کے مطابق ٹریفک حادثات میں معمولی زخمی ہونے کی شرح بھی 4ء47 فیصد کم ہوئی ہے جبکہ ایسے درمیانی نوعیت کے زخمی ہونے کے واقعات 1ء43 فیصد کم ہوئے ۔ دبئی کی سڑکوں پر ٹریفک حادثات سے شدید زخمی ہونے کے واقعات میں 2ء10 فیصد کمی دیکھنے میں آئی ۔

ڈائریکٹوریٹ آف ٹریفک نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں سے ذرا بھی نرمی نہ برتنے کی پالیسی جاری رکھی اور ڈرائیورز ، مسافروں اور پیدل چلنے والی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے عمل کو مقدم رکھا ۔ گزشتہ نو ماہ میں ڈائریکٹوریٹ نے سنجیدہ نوعیت کی 2 لاکھ 62 ہزار 940 ٹریفک ٹکٹس کا اجراء کیا – لیفٹنٹ جنرل المری نے سڑک کے استعمال میں حفاظت برتنے کی عوامی آگہی مہم اور ٹریفک قوانین و قواعد کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو بھی سرہا جبکہ دبئی پولیس کے ٹریفک ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے 2018 کے بعد سے 2 ہزار سے زائد سکیورٹی عملہ کو تربیت دینے کے عمل کو بھی سراہا

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button