متحدہ عرب امارات

کرونا بحران کے باوجود پاکستان میں امارات پولیو مہم کامیاب رہی

خلیج اردو -پولیو ڈے کے عالمی دن کے موقع پر امارات پولیو مہم نے اعلان کیا ہے کہ اس نے جولائی اور ستمبر 2020 کے دوران پاکستان میں 28 ملین سے زائد انسداد پولیو ویکسین فراہم کیں جن سے 16 ملین سے زائد بچے مستفید ہوئے۔ 2014 میں شروع کی گئی امارات پولیو مہم متحدہ عرب امارات کے پاکستان کیلئے اس امدادی پروگرام کا ایک حصہ ہے جو صدر عزت مآب شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان اور ابو ظبی کے ولی عہد اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید آل نھیان کی ہدایت پر شروع کیا گیا تھا۔

یہ مہم پاکستان کی مسلح افواج ، پولیو کے خاتمےکے عالمی اقدام، پاکستانی وزارت صحت اور صحت کی صوبائی وزارتوں کے تعاون سے کام کرتی ہے۔ اس مہم کے تحت اب تک پاکستان بھر میں 483 ملین سے زیادہ انسداد پولیو ویکسین فراہم کی جاچکی ہیں جن سے 86 ملین بچے مستفید ہو چکے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے پاکستان کیلئے امدادی پروگرام کے ڈائریکٹر عبد اللہ خلیفہ الغفلی کا کہنا ہے کہ امارات پولیو مہم پولیو کے پھیلاؤ کو روکنے اور بچوں کو اس موذی بیماری سے بچانے کے لئے عالمی سطح پر تعاون کو مستحکم کرنے کے شیخ محمد بن زاید آل نھیان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یہ پروگرام اب تک لاکھوں بچوں تک یہ اہم ویکسنیشن پہنچانے میں بہت بڑی حد تک کامیاب رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کہ ہر بچے کے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کے ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے اور ہم اس بیماری کے خاتمےکیلئے آخری حد تک جائیں گے۔ اس سال کے اوائل میں کوویڈ 19 کے پھیلنے کی وجہ سے دنیا بھر میں ویکسنیشن کے پروگرام روک دیئے گئے تھے اور ہیلتھ کمیونٹی کے متعدد رہنماؤں نے پولیو کے امکانی بحران کے بارے میں خبردار کیا تھا۔

تاہم امارات پولیو مہم نے ان نئے چیلنجوں پر قابو پالیا اور پولیو ویکسین دوبارہ شروع کرنے والا دنیا کا پہلا پروگرام بن گیا۔ جولائی میں ویکسنیشن مہم دوبارہ شروع کرنے کے بعد سے امارات پولیو مہم نے معاشرے کے تمام طبقات کو COVID-19 سے تحفظ اور اس حوالے سے آگاہی میں بھی بھی مضبوط کردار ادا کیا ہے۔ جولائی اور اگست کے دوران فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز نے گھروں میں صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ لاکھوں ماسک اور سینٹائزر تقسیم کیے۔ اس کے علاوہ فرنٹ لائن ہیلتھ ورکر نیٹ ورک کے ذریعے امارات پولیومہم نے واٹس ایپ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے استعمال سے COVID-19 کی روک تھام کے لئے ویڈیوز کا ایک مجموعہ اور دیگر ڈیجیٹل مواد تقسیم کیا۔ شیخ محمد بن زاید نے اس بیماری کے خاتمے کے لئے 250 ملین ڈالر سے زیادہ کا وعدہ کیا ہے۔ انھوں نے 2019 میں پولیو کے خاتمے کے عالمی اقدام کے تحت فورم کی بھی میزبانی کی جس میں دنیا سے پولیو کے خاتمے کیلئے 2.8 ارب ڈالرکے وعدے کئے گئے تھے۔ روٹری کلب کے زیر اہتمام پولیو کا عالمی دن پولیو کے خاتمے کی فوری ضرورت کے بارے میں شعور اجاگر کرنے کے لئے وقف ہے۔ اس سال آٹھواں سالانہ عالمی پولیو ڈے 24 اکتوبر کو منایا جارہا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button