پاکستانی خبریںمتحدہ عرب امارات

ہم محبت والے لوگ ہیں، امن کی بات کرتے ہیں : چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن و آشتی کے ساتھ رہیں ، فواد چوہدری

خلیج اردو
دوبئی ۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے دوبئی ایکسپو 2020ءمیں پاکستان فلم فیسٹیول کے آغاز کے حوالے سے تقریب سے خطاب کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اوورسیز پاکستانیوں کا پاکستان کی معیشت میں بڑا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس سال اوورسیز پاکستانیوں نے 31 ارب ڈالر پاکستان بھیجے۔ یو اے ای سے پاکستانیوں نے روشن ڈیجیتل پاکستان کے ذریعے سب سے زیادہ رقوم وطن بھیجیں۔

چوہدری فواد حسین نے کہا کہ جس طرح اوورسیز پاکستانیز پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں، عمران خان بھی اسی طرح سمندر پار پاکستانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ہر وہ کام کریں گے جس سے پاکستانی پاسپورٹ کی عزت بڑھے۔

مسٹر چوہدری نے کہا کہ ہندوستان سے جو لوگ یہاں موجود ہیں ہم انہیں بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔ مودی جی سے کہنا چاہتا ہوں کہ تم اپنے عقیدوں کے نیزے ہر دل میں اتارے جاتے ہو، ہم لوگ محبت والے ہیں تم خنجر کیوں لہراتے ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم محبت والے لوگ ہیں، امن کی بات کرتے ہیں، ہم اس خطے کو آگے لے کر چلنا چاہتے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے عوام امن و آشتی کے ساتھ رہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ آج یہاں متحدہ عرب امارات سے بہت سے لوگ آئے جو امن کی نشانی ہے۔ میوزک، کلچر اور کرکٹ ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ایکسپو میں ہم کل 11 پاکستانی فلمیں پیش کر رہے ہیں۔ تمام پاکستانی کل سے پاکستان پویلین روزانہ کی بنیادوں پر آئیں، ہر روز ایک نئی پاکستانی فلم آپ کی منتظر ہوگی۔

واضح رہے کہ 21 جنوری سے 26 فروری تک 11 پاکستانی فلمیں پاکستانی انکلوژر میں دکھائی جائیں گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button