خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے پاکستان رقوم بھجوانے والوں کیلئے 2021 فائدہ مند ثابت ہوا

پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ایک سال کے دوران سعودی ریال کی قیمت میں 4 روپے، اماراتی درہم کی قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات سے پاکستان رقوم بھجوانے والوں کیلئے 2021 فائدہ مند ثابت ہوا، پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ایک سال کے دوران سعودی ریال کی قیمت میں 4 روپے، اماراتی درہم کی قیمت میں 5 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 2021 کے دوران پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں مختلف غیر ملکی کرنسیوں کی قیمت میں رد و بدل کے حوالے سے تفصیلات جاری کی گئی ہیں۔

فاریکس ایسوسی ایشن کی رپورٹ میں پیش کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق ایسے ممالک جہاں اوورسیز پاکستانیوں کی بڑی تعداد مقیم ہے، ان ممالک کی کرنسیوں کی قیمت میں سال 2021 کے دوران بے تحاشہ اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سال 2021 کے دوران سعودی ریال، اماراتی درہم، امریکی ڈالر اور برطانوی پاونڈ مزید مہنگے ہو گئے۔ رپورٹ کے مطابق 2021 کے دوران سعودی ریال کی قدر میں 4.40 روپے جبکہ اماراتی درہم کی قیمت میں 5.40 روپے اضافہ ہوا۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیاہے کہ گزشتہ سال کے دوران پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں سب سے زیادہ برطانوی پاونڈ کی قیمت میں اضافہ ہوا۔ سال 2021 کے دوران برطانوی پائونڈ کی قدر میں 20.50 روپے کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، سال کے ابتداء میں برطانوی پاونڈ 217.50 روپے کی سطح پر تھا جو سال کے آخر میں 238 روپے تک پہنچ گیا۔ برطانوی پائونڈ کے بعد ڈالر کی قدر میں سب زیادہ اضافہ ہوا اور انٹر بینک مارکیٹ میں یکم جنوری تا 31 دسمبر 2021 کے دوران ڈالر کے نرخ میں 16.55 روپے کا اضافہ ہوا۔

جنوری 2021 میں ڈالر کی قیمت 160.05 روپے تھی جو بڑھتے ہوئے دسمبر 2021 کے اختتام پر 176.60 روپے تک پہنچ گئی۔ تاہم روپے کی قدر میں کمی کے سال بھر کے مایوس کن ٹرینڈ میں دسمبر کے آخری ہفتے میں تبدیلی بھی دیکھنے کو ملی۔ سال 2021 کے آخری چند ایام میں انٹر بینک میں ڈالرکی قدر178روپے سے کم ہو کر176روپے اور اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر181روپے سے گھٹ کر178روپے کی کم سطح پر آ گئی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button