متحدہ عرب امارات

دُبئی کی پارکنگ میں پاکستانی نوجوان کو چھُرا مار کر شدید زخمی کر دیا گیا

اماراتی ریاست دُبئی میں ایک پاکستانی کو چند ڈکیتوں نے بُری طرح زد و کوب کرنے کے بعد چھُرا گھونپ دیا اور پھر اس کے پاس موجود بٹوہ اور موبائل فونز بھی چھین لیے۔ یہ واردات نائف کے علاقے کی ایک پارکنگ میں رات کے وقت پیش آئی ہے۔ جہاں ایک پاکستانی پارکنگ میں اپنی گاڑی نکال رہا تھا کہ اچانک ایک شخص گاڑی کا اگلا دروازہ کھول کر اس کی ساتھ والی سیٹ پر بیٹھ گیا۔

اسی دوران اس شخص کے مزید تین ساتھی بھی آ گئے۔ جنہوں نے ڈرائیونگ سیٹ کی جانب والا دروازہ کھول کر پاکستانی کو زبردستی باہر نکالنے کی کوشش کی مگر سیٹ بیلٹ بندھے ہونے کی وجہ سے وہ باہر نہ آ سکا تو انہوں نے طیش میں آ کر پاکستانی کو شدید تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اس کے کندھے میں چھُرا گھونپ کر اس کا بٹوہ اور موبائل فون چھیننے کے بعد فرار ہو گئے۔

تاہم پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ باقی مفرور ہیں۔ عدالت میں مقدمے کی سماعت کے دوران پاکستانی نے بتایا ”میں آدھی رات کے وقت پارکنگ میں سے گاڑی نکالنے ہی والا تھا کہ ملزمان نے میرے پاس آ کر مجھے مار پیٹ کا نشانہ بننا شروع کر دیا۔ میں نے مدد کے لیے زور سے آوازیں دیں مگر وہاں کوئی نہیں تھا۔ ان ملزمان میں سے ایک نے مجھے چھُرا گھونپ کر زخمی کر دیا اور پھر میرے پاس موجود بٹوہ اور دو موبائل فونز لے کر فرار ہو گئے۔

تاہم میں زخمی حالت میں ہی ان کے پیچھے بھاگا تو گھبراہٹ میں ان کے پاس موجود میرے دونوں موبائل فونز وہیں گر گئے۔ البتہ یہ میرا کریڈٹ کارڈز سے رقم سے بھرا بٹوہ لے جانے میں کامیاب ہو گئے۔قریبی بلڈنگ کے دو افراد نے پولیس کو اطلاع کر دی۔ ملزمان نے بٹوے میں موجود گیارہ سو درہم ہڑپ کر لئے تاہم انہیں کریڈٹ کارڈ استعمال کرنے کا موقع نہ ملا کیونکہ انہیں فوری طور پر بند کر دیا گیا تھا۔ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ اس 36 سالہ ملزم کا تعلق کیمرون سے ہے۔ ملزم پر ڈکیتی اور مار پیٹ اور ارادہ قتل کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ باقی تین ملزمان فی الحال مفرور ہیں۔ اس مقدمے کا فیصلہ 14 فروری کو سُنایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button