متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں ایئرلائنز کرایوں میں اضافے کا امکان

ویک اینڈ میں تبدیلی کے باعث ایئرلائنز کو نئے نظام الاوقات کے مطابق ایڈجسٹ کرنا پڑے گا‘ سیاحوں اور رہائشیوں کو ٹکٹوں کے لیے زیادہ خرچ کرنا پڑ سکتا ہے کیوں کہ عالمی سطح پر عام طور پر ہفتہ اور اتوار کو ہوائی کرائے زیادہ ہوتے ہیں۔ رپورٹ

متحدہ عرب امارات میں حکومت کی جانب سے ویک اینڈ میں تبدیلی کے باعث ایئر لائنز کو ٹریفک کے نئے نظام الاوقات کے مطابق ایڈجسٹ کرنا پڑے گا ، اس دوران ایئرلائنز کرایوں میں اضافے کا بھی امکان ظاہر کردیا گیا کیوں کہ ویک اینڈ شفٹ کا مطلب یہ بھی ہو سکتا ہے کہ ٹکٹوں کے کرایوں میں بھی زیادہ مانگ کو دیکھ کر تبدیلی کی جائے اور یو اے ای میں یا اس سے باہر پرواز کرنے والے سیاحوں اور رہائشیوں کو ٹکٹوں کے لیے زیادہ خرچ کرنا پڑ سکتا ہے کیوں کہ عالمی سطح پر عام طور پر ہفتہ اور اتوار کو ہوائی کرائے زیادہ ہوتے ہیں۔

گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ہفتہ اور اتوار کو چھٹی کا فیصلہ ایئر لائن انڈسٹری کو عالمی ہوا بازی کے شعبے کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ کر دے گا ، اس حوالے سے مشاورتی فرم Boyd کمپنی کے بانی جان بوائیڈ نے کہا کہ یو اے ای نے زندگی کے ساتھ کام میں توازن پیدا کرنے اور کارکنوں کی بڑھتی ہوئی قلت کے حوالے سے رویوں میں تبدیلی کے مطابق ساڑھے چار دن کے کام کے ہفتے کی طرف قدم اٹھایا ، سیاحت پر اس کا اثر متحدہ عرب امارات کی معیشت کا ایک اہم شعبہ ہوگا کیوں کہ متحدہ عرب امارات جمعہ کے روز اپنے پرتعیش سماجی تقریبات اور سیاحوں پر مرکوز بڑے ہوٹلوں میں برنچز کے لیے جانا جاتا ہے اور امکان ہے کہ اب یہ سب ہفتے کے روز ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی کرایوں کے ساتھ یو اے ای میں ایئر لائن کی قیمتوں کے حوالے سے بہت سارے متحرک عوامل ہیں ، خاص طور پر جب متحدہ عرب امارات نئے عالمی سیاحتی ڈالر ، کارپوریٹ سرمایہ کاری اور ملازمتوں کو راغب کرنے کے لیے کام کر رہا ہے ، یہ نئی تبدیلی ان بروقت اور اہم اقدامات کو بہت زیادہ سہولت فراہم کرے گی ، ابھی یہ دیکھنا باقی ہے کہ کیا دیگر خلیجی ممالک مستقبل قریب میں متحدہ عرب امارات کی پیروی کریں گے ، اس سے خطے میں تجارت کو معیاری بنانے میں مدد ملے گی جہاں انڈونیشیا اور مراکش پہلے ہی یہ تبدیلی کر چکے ہیں۔

جے ایل ایس کنسلٹنگ کے ڈائریکٹر جان سٹرک لینڈ کو یقین نہیں ہے کہ اس فیصلے کا براہ راست ائیر لائن آپریشنز پر اثر پڑے گا ، انہوں نے کہا کہ ایئر لائنز فطرتاً ہفتے میں سات دن کاروبار کرتی ہیں اور انہیں گھنٹوں، چھٹی، سماجی ضابطے اور اسی طرح کے بہت سے مختلف نظاموں میں کام کرنا پڑتا ہے ، اس کا اوور ٹائم کی ادائیگیوں پر کچھ اثر پڑ سکتا ہے لیکن اس سے مادی فرق ہونے کا امکان نہیں ہے۔

اس حوالے سے دبئی سے تعلق رکھنے والی فضائی کمپنی فلائی دبئی نے کہا کہ اس نے حکومتی فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے ، flydubai اس اعلان کا خیرمقدم کرتا ہے اور ہم حکام کی طرف سے مقرر کردہ رہنما خطوط پر عمل کریں گے جب کہ ویز ایئر ابوظہبی کے ایک اعلیٰ اہلکار نے کہا کہ اس معاملے پر تبصرہ کرنا قبل از وقت ہے ، Wizz Air ابوظہبی کے منیجنگ ڈائریکٹر Kees Van Schaick نے کہا کہ ہم ابوظہبی حکومت کی اکثریت کی ملکیت ہیں اور ویک اینڈ میں جو تبدیلی ہو گی ، مجھے ابھی اس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ اس دوران ایمریٹس ایئر لائن اور اتحاد ایئرویز نے فوری طور پر اس معاملے پر تبصرہ کی درخواستوں کا جواب نہیں دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button