متحدہ عرب امارات

انسانیت سے بھرپور اماراتی شہری نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے

کسی شاعر نے کیا خوب ہے کہا ہے کہ رب نے انسان کو دردِ دل کے واسطے پیدا کیا ہے، ورنہ عبادت اور بندگی کے لیے تو اس کے پاس فرشتوں کی کوئی کمی نہ تھی۔ انسان وہی ہے جس کے دل میں اللہ کا خوف بھی ہو اورانسانوں سے محبت اور ہمدردی کا جذبہ بھی بھرپور ہو۔ ایک ایسا ہی انسان دوست یوسف سلطان العجمانی ہے۔

اماراتی ریاست عجمان کا شہری یوسف اس قدر حساس دل کا مالک ہے کہ اس نے ان سینکڑوں غریب قیدیوں کو وطن واپسی کے لیے ایک لاکھ درہم کی رقم عطیہ کر دی جن کے پاس ٹکٹ خریدنے کے لیے رقم موجود نہ تھی۔
یوف العجمانی نے انسانی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر یہ رقم عجمان پولیس کو دے دی ہے، جس نے چھوٹے چھوٹے مقدمات میں سز ابھگتنے والے سینکڑوں پاکستانی اور دیگر غیر ملکی قیدیوں کے لیے ٹکٹس خرید کر انہیں وطن واپس بھجوانا شروع کر دیا ہے۔

العجمانی نے یہ شاندار اقدام امارات کے 49 ویں یوم وطنی کے موقع پر اُٹھایا ہے۔عجمان پولیس کے کمانڈر انچیف، میجر جنرل شیخ سلطان بن عبداللہ النعیمی نے یوسف سلطان العجمانی کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس امدادی رقم سے سینکڑوں غریب قیدی اپنے وطن واپس جا سکیں گے۔

پولیس کی جانب سے اس بڑی رقم سے متعدد ممالک کے قیدیوں کے لیے ٹکٹس خریدی گئی ہیں،جن کی سزاؤں کی مُدت پوری ہو چکی ہے۔ ان افراد کو جلد مفت وطن واپس بھجوا یا جائے گا۔ میجر جنرل النعیمی نے مزید کہا کہ اس نیکی کے اقدام سے متعدد غیرملکی قیدی واپس جانے میں کامیاب ہو جائیں گے، اماراتی باشندے ہمیشہ نیکی اور بھلائی کے کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔

ایک لاکھ درہم کی رقم عطیہ کرنے والے العجمانی نے بھی عجمان پولیس کی جانب سے قیدیوں کی رہائی کے لیے اقدامات کرنے پر انہیں شاندار الفاظ میں سراہا۔ جس سے اماراتی لیڈر شپ کے انسان دوستی کے ویژن کی تکمیل میں بڑی مدد مل رہی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button