متحدہ عرب امارات

دبئی میں ایک اور عالمی شاہکار کا اضافہ، "میوزیم آف دی فیوچر” کا افتتاح کر دیا گیا

منگل کی شب کو متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے میوزیم کا باقاعدہ افتتاح کیا

دبئی میں ایک اور عالمی شاہکار کا اضافہ، "میوزیم آف دی فیوچر” کا افتتاح کر دیا گیا، منگل کی شب کو متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم نے میوزیم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ تفصیلات کے مطابق دبئی ایک مرتبہ پھر دنیا کو ایک منفرد تعمیری شاہکار دینے کے معاملے میں دیگر تمام ممالک پر بازی لے گیا۔

العربیہ نیوز کی رپورٹ کے مطابق دبئی میں منگل کی شب کو دنیا کے سب سے خوبصورت میوزیم قرار دیے جانے والے "میوزیم آف دی فیوچر” کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ "میوزیم آف دی فیوچر” کی افتتاحی تقریب میں حاکم دبئی شیخ محمد بن راشد المکتوم اور ان کے صاحبزادے شریک ہوئے۔ افتتاح کے موقع پر شہریوں کی بہت بڑی تعداد میوزیم کے قریب اکٹھی ہوئی۔
بعد ازاں "میوزیم آف دی فیوچر” کے افتتاح کے حوالے سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک خصوصی پیغام بھی جاری کیا۔

اپنی ٹوئٹ میں حاکم دبئی نے کہا کہ فیوچر میوزیم امید کا پیغام، اظہار کا ذریعہ، عالمی سائنسی پلیٹ فارم اور ہم سب کیلئے بہترین مستقبل کی روشنی حاصل کرنے کا مکمل ادارہ ہے۔ فیوچر میوزیم انسان کے تخیل کا اظہار اور اماراتی عزم کا عملی اظہار ہے، وہی امارات جو خود اپنی ذات سے اوپر جانے کا مشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

جبکہ "میوزیم آف دی فیوچر” کے افتتاح کے موقع پر دبئی کے ولی عہد شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے اپنے پیغام میں کہا کہ یہ میوزیم مستقبل کے شہروں اور مستقبل کی حکومتوں کے لیے فکر و معرفت کی تجربہ گاہ ثابت ہوگا۔ دوسری جانب العربیہ نیوز کی رپورٹ میں "میوزیم آف دی فیوچر” کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دبئی کی شیخ زاید روڈ کے ساتھ نمایاں نظر آنے والا بیضوی نما میوزیم طرز تعمیر کا ایک شاہکار، دنیا کا ایک اور لینڈ مارک بن گیا ہے۔

نیشنل جیوگرافک بھی دبئی کے "میوزیم آف دی فیوچر” کو دنیا کے 14 خوب صورت ترین عجائب گھروں میں شامل کر چکا۔ مزید بتایا گیا ہے کہ فیوچر میوزیم صحت، تعلیم، توانائی، ٹرانسپورٹ اور سمارٹ سٹیز سمیت متعدد شعبوں میں تخلیقی لیباریٹریوں پر مشتمل ہے۔ یہ میوزیم 30 ہزار مربع میٹر پر محیط ہے اور اس کی اونچائی 77 میٹر ہے۔ میوزیم کے بیرونی حصے میں 14 ہزار میٹر عربی خطاطی کی گئی ہے۔

یہ کام روبوٹ سے تیار کردہ ایک ہزار 24 ٹکڑوں پر مشتمل ہے۔ میوزیم آف فیوچر میں نمائش کے لیے سات منزلیں ہیں اور اس کے ڈیزائن میں کوئی ستون نہیں ہے۔ میوزیم کا سامنے کا اسٹریکچر سٹین لیس سٹیل کا ہے جو17 ہزار مربع میٹر پر پھیلا ہے۔ یہ میوزیم تخلیقی ڈیزائن میں پائیداری کی ایک مثال ہے، اسے 4 ہزار میگاواٹ شمسی توانائی سے چلایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button