متحدہ عرب امارات

مسلح افواج افواج نے خود کو سیاست سے دور کیا ہے اور وہ سیاست سے دور رہنا چاہتی ہیں، جنرل باجوہ

خلیج اردو
واشنگٹن : واشنگٹن میں پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ وہ اسی سال نومبر میں اپنی مدت ملازمت کے پوری ہونے کے بعد ریٹائرمنٹ لیں گے۔ یہ ظہرانے کی تقریب تھی جس سے خطاب میں جنرل باجوہ کا کہنا تھا کہ مسلح افواج خود کو سیاست سے دور کر چکی ہے اور وہ ہمیشہ دور رہنا چاہتی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ مضبوط معیشت کے بغیر کوئی سفارت کاری نہیں ہو سکتی اور مضبوط معیشت کے بغیر قوم اپنے اہداف حاصل نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی بیمار معیشت کی بحالی معاشرے کے ہر اسٹیک ہولڈر کی ترجیح ہونی چاہیے۔

جنرل باجوہ نے امریکی حکام سے علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیا اور امریکہ کے ساتھ اعتماد اور شراکت داری کے رشتے کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

جنرل باجوہ اس وقت امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں آرمی چیف نے امریکی وزیر دفاع جنرل (ر) لائیڈ آسٹن سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے امریکی مشیر قومی سلامتی و دفاع جیکب سلیوان سے بھی ملے۔

افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل باجوہ کی امریکی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین سے بھی ملاقات کی اور باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔

آرمی چیف نے تباہ کن سیلابی صورتحال میں کلیدی تعاون پر امریکی حکام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عالمی شراکت داروں کی مدد پاکستان میں سیلاب زدگان کی بحالی میں اہم ہو گی۔

ملاقات میں اتفاق ہوا کہ پاکستان امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعاون کی طویل تاریخ ہے اور پاک، امریکہ اقتصادی تعلقات، بذریعہ تجارت اور سرمایہ کاری مزید بہتر بنائے جائیں گے۔

آرمی چیف نے فلوریڈا میں سمندری طوفان سے ہونے والی ہلاکتوں، تباہی پر دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان متاثرین کے خاندانوں کے نقصان اور درد کو بخوبی سمجھتا ہے۔ پاکستان موسمیاتی تغیر کے ایسے ہی حالات سے دوچار ہے جیسے فلوریڈا میں ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فریقین کا افغانستان سمیت تمام بین الاقوامی مسائل پر اتفاق رائے رہا اور قرار دیا کہ انسانی المیہ سے بچنے، علاقائی امن و استحکام کے لیے باہمی تعاون کی ناگزیر ہے۔

Source: Geo News

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button