خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

قطر ورلڈ کپ کیلئے دبئی کے ہوٹلوں کی بکنگ میں ابھی سے تیزی

خلیج اردو: قطر میں متوقع عالمی فٹ بال کپ کے شروع ہونے سے پہلے ہی دبئی کے ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ کا سلسلہ دھڑا دھڑ جاری ہے۔ جس رفتار سے فٹ بال شائقین ہوٹلوں میں ابھی سے اپنے لیے کمرے یقینی بنانے کی کوشش میں ہیں اس سے لگتا ہے کہ ‘ قطر ورلڈ کپ 2022 ‘ کے موقع پر ہوٹلوں میں جگہ ملنا مشکل ہو جائے گا۔

ابھی جب قطر ورلڈ کپ میں تقریبا چارماہ کا وقت باقی ہے شائقین کی علاقے میں میلے کے سے جوش و جذبے سے چڑھائی کر رہے ہیں۔ فٹ بال شائقین کی کوشش یہ لگتی ہے کہ فٹ بال کے ساتھ قطر کے علاوہ پڑوسی ملکوں بشمول متحدہ عرب امارات کی سیر کا بھی لطف اٹھائیں۔

اس لیے اگلے ورلڈ کپ کے بیس کیمپ بن جانے اور سیاحتی مرکز ہونے کی وجہ سے یو اے ای میں ہوٹلنگ اور سیاحت کے اعتبار سے ایک بھر پور سیزن کی تیاری ہے۔

مشرق وسطیٰ میں ایک بڑی برطانوی ہوٹل چین ‘ پریمئیر ان ‘ فٹ بال دیکھنے کے لیے قطر آنے والے متوقع شائقین کے لیے ابھی سے تیاریوں کو تیز کر چکی ہے۔ برطانوی ہوٹل چین کے ڈائریکٹر سائمن لی نے ‘ العربیہ ‘ کو بتایا ‘ میزبانی کے میدان میں ہم ایک اور بڑے سیزن کو دیکھ رہے ہیں کیونکہ معمول کی سیاحتی سرگرمیوں کے عروج کے دنوں میں ہی قطر ورلڈ کپ ہونے جارہا ہے۔’

ورلڈ کپ کی وجہ سے خطے کے ملکوں خصوصا متحدہ عرب امارات دنیا بھر سے آنے والے سیاحوں کے لیے ایک اہم منزل کے طور پر سامنے رہے گا۔ اس ناطے اس کی اہمیت دنیا بھر میں نمایاں ہو گی۔

سائمن لی کے بقول ‘ پریمئیر ان ‘ کے لیے بھی قطر ورلڈ کپ کے دنوں میں سرگرمی عروج پر ہوگی، جس کی شروعات ابھی سے ہو چکی ہیں۔ ہمارے ہوٹلوں میں شب بسری کے لیے بھی لوگوں کی دلچسپی غیر معمولی ہوگی ، اس کے علاوہ کھانوں اور کھیلوں کی وجہ سے بھی ہمارے ہوٹل نمایاں اور اہم رہیں گے۔

اگرچہ ورلڈ کپ قطر میں ہورہا ہوگا۔ لیکن یو اے ای فٹ بال شائقین کی آمدو رفت اور قیام و طعام کے ایک بہت بڑے اور کلیدی مرکز کے طور پر سامنے ہوگا۔ شائقین شٹل پروازوں کے ذریعے بھی قطر اور دبئی کے درمیان رش کر رہے ہوں گے۔ ہماری کمپنی تمام ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ میں تیزی دیکھ رہی ہے۔ حتٰی کے حال ہی میں کھلنے والی ‘پریمئیر ان’ کی ‘برشا ہائیٹس’ میں ستر فیصد بکنگ ہو چکی ہے۔

جیسا کہ ہمیشہ ہمارے ہوٹلز ائیر پورٹس پر اترنے والوں کے لیے رہائش اور دوسرے ملکوں کو جانےوالوں کے لیے کھانے کی وجہ سے بہت مقبول ہیں۔ ‘

سعد الغامدی کمپلیکس ڈائریکٹر برائے سیلز ہیں ، جو دبئی اور ابو ظہبی کے ہوٹلوں کے لیے سیلز اور مارکیٹنگ کے شعبے کو ڈیل کرتے ہیں۔ ان کے پاس ‘لی میری ڈائن دبئی ہوٹل انیڈ کانفرنس سنٹر ‘ کے علاوہ ‘لی میری ڈائن فئیروے’ ، ‘ ایلافٹ دبئی ائیرپورٹ ایلافٹ المینا’، ‘ ایلیمنٹ دبئی ائیر پورٹ ‘ اور ‘ایلیمنٹ المینا ‘ شامل ہیں۔ ان کے سارے ہوٹلز بھی مہمانوں کی آمد کی وجہ سے پوری خیر مقدمی تیاری میں ہیں۔

ہم پہلے سے ہی ماہ نومبر کے لیے اپنے ہوٹلوں میں کمروں کی بکنگ میں حالیہ چند ہفتوں سے اضافہ دیکھ رہے ہیں۔ ہمارے ہوٹل چونکہ ائیر پورٹس کے قریب تر ہیں اس لیے فٹ بال شائقین کے لیے دلکشی زیادہ رکھتے ہیں۔

ایک تجزیہ کرنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ 2022 کی آخری سہ ماہی متحدہ عرب امارات میں سیاحت کے عروج کے دن ہوں گے۔ اسی طرح دبئی کے ہوٹل ‘ کریک اینڈ فیسٹیول سٹی ‘ بھی ورلڈ کپ کی وجہ سے ہمیشہ سے زیادہ روم بکنگ میں اضافہ دیکھتا ہے۔ گویا جتنی بھی ہوٹل انڈسٹری دبئی اور متحدہ عرب امارات میں موجود ہے سبھی فٹ بال شائقین کی وجہ سے سیاحت میں اضافہ اور ایک بڑی اور اچھی ‘بزنس ایکٹویٹی’ دیکھ رہے ہیں۔

قطر ورلڈ کی اس 28 دنوں تک جاری رہنے والی پر جوش سرگرمی کے دوران شائقین کے لیے بیس لاکھ ٹکٹ دستیاب ہوں گے۔ ان ٹکٹوں میں سے بارہ لاکھ ٹکٹ اب تک فروخت ہو چکے ہیں۔ فٹ بال شائقین دنیا بھر سے بالعموم اور مغربی دنیا کے ساتھ ساتھ عرب دنیا سے بالخصوص بڑی تعداد میں متوقع ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button