
خلیج اردو
ابوظہبی:متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک میں ویکسینشن کا عمل تیزی سے جاری ہے۔کورونا کیسز میں کمی کے بعد متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک نے غیر ملکی افراد اور سیاحوں کیلئے مخصوص شرائط کے ساتھ ملکی سرحدیں کھول دیں۔کئی ممالک نے آنے والے مسافروں کیلئے سفری پابندیوں میں نرمی کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایک رہورٹ کے مطابق اب تک پوری دنیا میں مجموعی طور پر 10.3 بلین ویکسین کی ڈوزز لگائی جاچکی ہیں۔پوری دنیا میں چار عشاریہ دو بلین لوگ مکمل ویکسین شدہ ہیں۔دبئی کی کرائسز منیجمنٹ اتھارٹی نے پندرہ فروری سے کورونا کی روک تھام کے حوالے سےلگائی گئی پابندیوں کو ہٹانے کا اعلان کیا ہے۔
جن ممالک نے کورونا کی پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا ہے وہ مندرجہ ذیل ہیں۔
آسٹریلیا:آسٹریلوی حکومت نے گزشتہ ہفتے اعلان کیا کہ جو افراد مکمل ویکسین شدہ ہیں انہیں ہم اپنے ملک میں خوش آمدید کہتے ہیں۔آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن کے مطابق اکیس فروری سے ویکسین کی دونوں ڈوز لگوانے والے افراد کیلئے آسٹریلیا کی سرحدیں کھلی رہیں گی۔
نیوزی لینڈ:کورونا کے بعد نیوزی لینڈ ان پہلے ممالک میں شامل تھا جہاں پر لاک ڈاون لگایا گیا تھا۔نیوزی لینڈ کی حکومت کی جانب سے کورونا کیخلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت اقدامات کئے گئے۔نیوزی لینڈ کی حکومت نے دو سال بعد غیر ملکی افراد کیلئے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ابتدائی طور پر آسٹریلیا سے آنے والے نیوزی لینڈ کے مکمل ویکسین شدہ شہریوں کو قرنطینہ نہیں ہونا پڑے گا۔دیگر ممالک سے آنے والے نیوزی لینڈ کے شہریوں کو دو ہفتے کا لازمی قرنطینہ گزارنا ہوگا۔
غیر ملکی مسافر تیرہ مارچ سے نیوزی لینڈ میں داخل ہوسکیں گے۔ویزہ فری فہرست میں شامل ممالک کے سیاح جولائی میں نیوزی لینڈ آسکیں گے۔
ملائشیا:ملائشیا کے ریکیوری کونسل نے حکومت کو گیارہ مارچ سے تمام سفری پابندیاں ختم کرنے کی تجویز دی ہے۔ملائشیا آنے والے غیر ملکی مسافروں کو قرنطینہ بھی نہیں گزارنا ہوگا تاہم مسافروں آمد پر اسکریننگ کے عمل سے گزرنا ہوگا۔؎
فلپائن:فلپائن کی حکومت نے بھی دو سال بعد غیر ملکی مسافروں کے ملک میں آمد پر عائد پابندی ختم کردی۔نئے قانون کے مطابق ویزہ فری فہرست میں شامل ممالک کے مکمل ویکسین شدہ مسافر کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ کے ساتھ ملک میں داخل ہوسکیں گے۔مکمل ویکسین شدہ افراد کو قرنطینہ کی شرط سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔