متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب مارات میں چھٹیاں ختم ہونے کے بعد کورونا ٹیسٹ کرانے والوں کا رش،ٹیسٹنگ سینٹرز پر لمبی قطاریں لگ گئیں

خلیج اردو

ابوظہبی:متحدہ عرب امارات میں سرکاری تعطیلات ختم ہونے کے بعد گزشتہ چند روز سے ڈرائیو تھرو ٹیسٹنگ سینٹرز پر کورونا کے ٹیسٹ کرانے والوں کا رش لگ چکا ہے۔روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں کی تعداد میں شہری کورونا ٹیسٹ کرانے کیلئے ان سینٹرز کا رخ کر رہے ہیں جس کے باعث گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگی رہتی ہیں۔

حکام کے مطابق متحدہ عرب امارات میں کرونا کیسز میں اضافے کے بعد حکومت کی جانب سے کی گئی سختی کے باعث ٹیسٹنگ سنٹرز اور ہسپتالوں میں کورونا ٹیسٹ کرانے والوں کا رش لگ گیا ہے۔وزارت صحت کے حکام کے مطابق ٹیسٹ کرانے والوں میں زیادہ تر شہری وہ ہیں جو اپنے آبائی ممالک سے واپس آئے ہیں۔رش کے باوجود ٹیسٹنگ سینٹرز اور اسپتالوں میں چوبیس گھنٹے کے اندر اندر کورونا رپورٹ دینے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

 

شہریوں کے مطابق سینٹرز اور اسپتالوں میں پہلے کورونا ٹیسٹ آدھے گھنٹے کے اندر ہو جاتا تھا لیکن اب ٹیسٹ کرانے کے لیے انھیں گھنٹوں انتظار کرنا پڑتا ہے۔مختلف سینٹرز اور اسپتالوں کے عملے کے مطابق گزشتہ چند روز میں کرونا ٹیسٹ کرانے والوں کی تعداد میں دو گنا اضافہ ہو چکا ہے تاہم اس کے باوجود شہریوں کو بروقت سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

 

وزارت صحت کے مطابق سوموار کو متحدہ عرب امارات میں 2500 سے زائد کورونا کے کیسز رپورٹ ہوئے۔طبی ماہرین کے مطابق کیسز میں بے تحاشہ اضافے کی وجہ کرسمس اور نئے سال کی تقریبات ہوسکتی ہیں۔کیسز میں تشویشناک اضافے کی وجہ سے شہری اپنی حفاظت کے مدنظر بڑی تعداد میں ٹیسٹ کرارہے ہیں۔

 

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات نے سرکاری ملازمین کو دفاتر میں داخل ہونے کے لیے کورونا ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا لازمی قرار دے دی ہے جبکہ مختلف ممالک سے آنے والے مسافروں کے لیے بھی متحدہ عرب امارات آمد پر دوبارہ کرونا ٹیسٹ کرانے کی شرط عائد کی گئی ہے۔

SOURCE:KHALEEJ TIMES

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button