متحدہ عرب امارات

کورونا کی نئی لہر کے باعث ابوظہبی میں داخل ہونے کیلئے مزید سخت شرائط کا اعلان کر دیا گیا

خلیج اردو 28 دسمبر  2021

ابوظہبی: ابوظہبی کی مقامی حکومت نے امارات میں داخلے کیلئے نئے قوانین کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق حکام کی جانب سے جاری کر دہ نئی ایڈوائزری کے مطابق متحدہ عرب امارات کی دوسری اماراتوں میں رہنے والے مکمل ویکسین شدہ افراد کو ابوظہبی میں داخل ہونے کیلئے الحسن ایپ میں گرین اسٹیٹس دیکھانا لازم ہوگا۔ الحسن ایپلیکیشن متحدہ عرب امارات کی حکومت نے کورونا ٹیسٹ کے رزلٹ اور ویکسین کے حوالے سے معلومات کیلئے بنائی ہے۔

 

ایسے افراد جنہوں نے کورونا ویکسین نہ لگوائی ہو ان کیلئے ابوظہبی آنے سے چار دن قبل پی سی آر ٹیسٹ کرانا ضروری ہوگا۔ان افراد کو ابوظہبی میں داخل ہونے کیلئے پی سی آر ٹیسٹ کی منفی رپورٹ پیش کرنا ہوگی۔حکام کی جانب سے اعلان کردہ نئے قوانین 30 دسمبر سے نافذ العمل ہونگے۔ اس سے قبل حکومت کی جانب سے امارات میں داخل ہونے والے افراد میں کورونا کی  فوری تشخیص کیلئے ایئرپورٹس اور انٹری پوائنٹس پر ای ڈی ای اسکینرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔

 

ان فیصلے کا مقصد کورونا کے وبائی مرض کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات اور ابوظہبی کے رہائشیوں کی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button