متحدہ عرب امارات

امارات کورونا لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر درجنوں گرفتار، بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا

کورونا وبا سے بچاؤ کی خاطر صرف ایک احتیاط یا پھر کام جو دنیا بھر کے ہر ایک ملک نے کیا وہ لاک ڈاؤن تھا۔کسی ملک میں ایک بار تو کسی میں تین تین بار لاک ڈاؤن لگائے گئے۔کہیں لاک ڈاؤن کے حوالے سے کرفیو نافذ تھا تو کہیں جزوی طور پر علاقے بند کیے گئے۔جبکہ اس وقت بھی دنیابھر کے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کی صورت حال ہے۔

یو اے ای کا شمار بھی ان ممالک میں ہوتا ہے جہاں کے قانون سخت ہیں ا ور انہو ں نے بھی عوامی اجتماعات پر پابندی عائد کررکھی ہے تاکہ کورونا وبا نہ پھیل سکے۔جبکہ دوسری طرف ایسے سرپھرے لوگ بھی ہیں جو محض فن کی خاطر نہ صرف قانون کی دھجیاں اڑاتے ہیں بلکہ دوسرے لوگوں کی زندگی کو بھی داؤ پر لگاتے ہیں۔ متحدہ عرب امارات میں کورونا وبا کے دوران احتیاطی تدابیر کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے گھر پر پارٹی رکھنے والے میزبان پر 15 ہزار ڈالر جب کہ شرکاء پر فی کس 4 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق دبئی کے ایک گھر پر نجی پارٹی جاری تھی جس پر پولیس نے چھاپہ مارا اور میزبان سمیت شرکاء کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار شدگان کو جرمانے کی ادائیگی کے بعد رہائی نصیب ہوئی۔کورونا احتیاطی تدابیر کو نظر انداز کرنے پر میزبان کو 50 ہزار اماراتی درہم یعنی 13 ہزار ڈالر جب کہ پارٹی میں شریک ہر شخص کو 15 ہزار اماراتی درہم یعنی چار ہزار ڈالر جرمانہ جمع کرانے کا حکم دیا گیا تھادبئی کے محکمہ سیاحت اور پولیس کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ پارٹی کے شرکاء فلک شگاف موسیقی کی دھن پر رقص کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات میں یکم فروری سے تفریحی سرگرمیوں اور طعام گاہوں پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور ان کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔یو اے ای میں کورونا لاک ڈاؤن کے حوالے سے سخت قوانین نافذ کیے گئے ہیں اور بیرون ممالک سے آنے والوں کے لیے قرنطینہ کی شرط بھی رکھی گئی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button