خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

دبئی کسٹمزنے مونگ پھلی کے پیسٹ میں چھپائی گئی 6 کلوگرام چرس برآمد کرلی

خلیج اردو: دبئی کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر دبئی کسٹمز کے معائنہ افسروں نے 5۰95 کلوگرام چرس ضبط کی ہے جسے ایک مسافرنے مونگ پھلی کے پیسٹ میں چھپا کراسمگل کرنے کی کوشش کی تھی۔

محکمہ نے بتایا کہ ایک افریقی ملک سے سفرکرنے والا مسافرہوائی اڈے پر جانچ پڑتال کے عمل میں پریشان سا نظرآرہا تھا۔ یہ بھانپ کر دبئی کسٹمز نے متحدہ عرب امارات میں غیرقانونی یا ممنوعہ مادوں کو ناکام بنانے کے لیے استعمال کی جانے والی انتہائی اختراعی ٹیکنالوجی کے ذریعے چرس کا سراغ لگالیا۔

دبئی کسٹمزمیں مسافر آپریشن ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ابراہیم الکمالی نے بتایا کہ ہمیں ایکسرے مشین سے گزرتے وقت مسافرکے بیگ پرشُبہ ہوا تھا اور مسافرکے چہرے پر پریشانی کے آثار دیکھے گئے۔

انھوں نے بتایا کہ ہم نے دستی طورپربیگ کی تلاشی لی اور مونگ پھلی کے پیسٹ کے چھے رَولز کے اندر چھپی 5.95 کلوگرام چرس برآمد کرکے ضبط کرلی ہے۔

الکمالی نے کہا کہ ’’دبئی کسٹمز نے منشیات کی ضبطی کی کارروائیاں تیزکردی ہیں اور محکمہ اپنی 2021-2026 کی حکمتِ عملی کےمطابق نئے اقدامات اورمیکانزم پرعمل درآمد کے ذریعےعالمی سطح پرمحفوظ کسٹمزکے تصور کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار بھرپور کردار ادا کررہا ہے‘‘۔

انھوں نے مزیدکہا:’’دبئی کسٹمزاعلیٰ تعلیم یافتہ ملازمین اورکسٹم افسروں کی خدمات حاصل کرکے اورانھیں خصوصی کورسز میں تربیت دے کراس تزویراتی مقصد کو حاصل کرنے اور جدید ترین معائنہ آلات کے ساتھ کسٹم مراکز میں خدمات مہیا کرنے میں کوئی کسراٹھا نہیں رکھتا۔دبئی کسٹمز معاشرے کے تحفظ کی پہلی لائن ہے جو ان تباہ کن زہریلے مادوں کے افراد اور مارکیٹ تک پہنچنے سے پہلے تحفظ مہیا کرتی ہے‘‘۔

دبئی کسٹمز کے شعبہ فنی معاونت (ٹیکنیکل اسپورٹ ڈیپارٹمنٹ)کے ڈائریکٹر عادل السویدی نے کہا کہ دبئی کسٹمز کے زیراستعمال حالیہ ایجادات میں اسمارٹ انسپکشن ٹیبل بھی شامل ہے۔اس میں ایک مربوط نظام ہے جو دبئی کے ہوائی اڈوں پر معائنہ کے عمل کو ٹریک کرنے اور دستاویزی بنانے میں مدد کرتا ہے۔

ایک اور حالیہ اختراع’کسٹم آبدوز‘ہے جو اسمگلنگ کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنانے کے لیے پانی کے اندر جہازوں کی اعلیٰ معیار کی تھری ڈی تصاویر اور ویڈیوز لے سکتی ہے۔

اسی طرح دبئی کسٹمز نے حال ہی میں زیرآب ڈرون تیار کیے ہیں جن کا نام ’’کسٹم ڈولفنز‘‘ہے۔انھیں جہازوں کے گودی میں داخل ہونے سے پہلے کنٹرول اور مانیٹر کرنے کے لیے بھیجا جاسکتا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button