متحدہ عرب امارات

ایمریٹس ایئر لائن نے کال سنٹر کے نمائندے کے ساتھ بات کرنے کے خواہاں مسافروں کے لیے ایڈوائزری جاری کر دی

 

خلیج اردو آن  لائن:

ایمریٹس کے کال سنٹروں میں مسافروں کی جانب سے کالز کے اضافے کے پیش نظر ایئر لائن نے مسافروں کے نام تازہ ایڈوائزری جاری کر دی۔

ایئر لائن کی جانب سے اپنی ویب سائٹ پر کہا گیا ہے کہ "ہمارے کچھ آپریشنز کی دوبارہ بحالی کے بعد ہمیں اپنے کال سنٹروں میں بہت زیادہ کالز موصول ہو رہی ہیں۔ لہذا اگر آپ کی کال 48 گھنٹوں کے اندر اندر سفر سے متعلق نہیں ہے تو برائے مہربانی ہمیں بعد میں کال کریں”۔

یاد رہے کہ یو اے ای کی جانب سے کچھ ممالک پر لگائی سفری پابندیوں میں نرمی کے بعد تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد یو اے ای واپس آنا چاہ رہی ہے جس کے باعث ایئر لائنز مسافروں کی بڑی تعداد کی جانب سے کالز کا سامنا ہے۔

اسی وجہ سے متعدد مسافروں نے سوشل میڈیا پر شکوہ کیا ہے کہ ایمریٹس کے کال سنٹروں میں کال گھنٹوں ہولڈ پر رکھی جا رہی ہے اور اس کے بعد بھی ایئر لائن کے نمائندے سے بات نہیں ہو پاتی اور کال منقطع ہو جاتی ہے۔

اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے ہی ایمریٹس کی جانب سے درج بالا ایڈوائزری جاری کی گئی ہے جس میں مسافروں کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ اگر وہ سفری شرائط سے متعلق جاننے کے لیے ایئر لائن کے نمائندے سے بات کرنا چاہ رہے ہیں تو انہیں چاہیے کہ وہ ایئر لائن کی ویب سائٹ پر جائیں وہاں پر اس سفری شرائط سے متعلق مخصوص پیج پر تمام معلومات دی گئی ہے۔ "اور ہمارا نمائندہ کال کے دوران بھی اسی پیج پر دی گئی معلومات فراہم کرتا ہے”۔

مزید برآں، ایئر لائن کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ اگر کورونا کے باعث روٹ بند ہونے کی وجہ سے اگر پروازیں کینسل ہوئی ہیں تو اس سے متاثر ہونے والے مسافر ہمیں فوری طور ری بکنگ کے لیے رابطہ نہ کریں۔ بلکہ ٹکٹ سنبھال کر رکھیں اور پروازیں بحال ہونے کی صورت میں ہمارے ساتھ رابطہ کریں۔

Source: Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button