متحدہ عرب امارات

دُبئی پولیس نے بزرگ آدمی کو بدتمیزی سے پیش آنے پر گرفتار کر لیا

بزرگ ملزم نے پولیس کے خلاف اقوام متحدہ میں کیس درج کرانے کی دھمکی دے دی

دُبئی میں اس وقت ایک دلچسپ واقعہ پیش آیا جب پولیس نے ایک غیر ملکی بزرگ کواس کے خلاف خراب برتاؤ کی شکایت پر گرفتار کیا تو ملزم نے پولیس کے خلاف اقوام متحدہ جانے کی دھمکی دے ڈالی۔ ایک خاتون نے مقامی پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی تھی کہ ایک عرب ملک سے تعلق رکھنے والے 54 سالہ بزرگ نے اس سے ٹیلی فون پر شدید بدتمیزی کی ہے۔

پولیس کی جانب سے عرب باشندے کو تھانے طلب کیا گیا۔ بزرگ باشندہ پولیس اسٹیشن میں داخل ہوتے ہی متعلقہ پولیس اہلکار سے جھگڑا کرنے لگا کہ اسے تفتیش کے لیے تھانے کیوں بُلایا گیا ہے، وہ پولیس اہلکار کو اس حرکت پر مزہ چکھا دے گا اور اس کے خلاف اقوام متحدہ میں بھی کیس درج کروائے گا۔

پولیس اہلکار نے بزرگ ملزم کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ اور زیادہ بدتمیزی پر اُتر آیا۔

جس کے بعد اسے پولیس اسٹیشن میں ہی گرفتار کر لیا گیا۔ مُدعی پولیس اہلکار نے عدالت کو بتایا کہ بزرگ ملزم کے خلاف ایک خاتون نے شکایت درج کرائی تھی کہ ملزم نے فون کال کے دوران اس سے بہت بدتمیزی کی ہے۔ جس کے باعث اسے پوچھ گچھ کی خاطر پولیس اسٹیشن بُلایا گیا۔تاہم بزرگ ملزم نے تھانے میں آتے ساتھ ہی پولیس اہلکار کے ساتھ بھی بیہودہ انداز میں گفتگو شروع کر دی اور رپورٹ درج کرنے پر اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

ملزم نے پولیس اہلکار کو اپنا اماراتی شناختی کارڈبھی دکھانے سے انکار کر دیا اور اسے بُرا بھلا کہتا رہا۔ ملزم نے بہت بدتمیزی سے پولیس اہلکار کے ڈیسک پر کاغذات پھینکتے ہوئے کہا کہ اس کے اور رپورٹ درج کروانے والی خاتون کے درمیان کوئی پرانا تنازعہ چلا آ رہا ہے جس کے باعث خاتون نے اسے پھنسانے کے لیے اس کے خلاف مقدمہ درج کرایا ہے۔ پولیس اہلکار کی مسلسل توہین کرنے پر جب موقع پر موجود دیگر پولیس اہلکاروں نے اسے گرفتار کرنے کی خاطر ہتھکڑی لگانے کی کوشش کی تو بزرگ ملزم آپے سے باہر ہو گیا اور دھمکیاں دیتا رہا کہ وہ پولیس کے اس برتاؤ کے خلاف امارات کے اعلیٰ عہدے داروں اور اقوام متحدہ کو شکایت لگائے گا۔

 

Source : link

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button