
خلیج اردو
دبئی:دبئی پولیس نے بدھ کے روز رپورٹ جاری کی ہے کہ 2022 کے پہلے چھ مہینوں میں 800 کے قریب بھکاریوں اور گلیوں میں اشیاء فروخت کرنے والے 1,300 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان میں سے تقریباً 415 بھکاریوں کو پولیس ایپ کے ذریعے اطلاع دینے کے بعد پکڑا گیا۔
پولیس آئی سروس دبئی پولیس ایپ پر دستیاب ایک فیچر ہے جو رہائشیوں کو مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع دینے اور مکمل رازداری کے ساتھ حفاظتی تجاویز پیش کرنے کی اجازت دیتی ہے۔ اس سال جنوری سے جون تک، پولیس کو سروس کے ذریعے تقریباً 12,000 رپورٹس موصول ہوئیں۔
پولیس کے مطابق سروس کا مقصد عوام کو غیر قانونی سرگرمیوں اور خلاف ورزیوں کی آسانی سے اطلاع دینے کی ترغیب دے کر سیکورٹی کو برقرار رکھنا اور جرائم کو کم کرنا ہے۔ یوزر فرینڈلی ایپلی کیشن لوگوں کو ویڈیوز، تصاویر یا صوتی پیغامات منسلک کرنے اور رپورٹ درج کرتے وقت واقع کی جگہ کو پن کرنے کی اجازت دیتی ہے۔
دبئی پولیس نے لوگوں کو یاد دلایا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں بھیک مانگنا غیر قانونی ہے کیونکہ یہ عوامی تحفظ اور سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پہلے سے سرکاری اور خیراتی ادارے اور حکام ضرورت مندوں کی مدد کے لیے تیار ہیں۔
یہ گرفتاریاں ایک مہم کے حصے کے طور پر کی گئی ہیں جس کا مقصد بھکاریوں اور سڑک پر اشیاء بیچنے کے نام پر لوگوں کو لوٹنے والوں کو رہائشیوں کی سخاوت کا استحصال کرنے سے روکنا ہے۔ اکثر، بھکاری ہمدردی پیدا کرنے کے لیے کہانیاں سنا کر جلدی کماتے ہیں۔
سال کے شروعات میں پولیس نے دبئی میں ایک بھکاری کو گرفتار کرکے 40,000 درہم برآمد کیے تھے جبکہ شارجہ میں پولیس نے تین بھکاریوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 65,000 درہم برآمد کیے تھے۔
Source: Khaleej Times