متحدہ عرب امارات

منشیات فروشوں کیخلاف دبئی پولیس کا بڑا آپریشن

ملک کے مختلف مقامات سے زیر زمین چھپائی گئی کروڑوں ڈالرز مالیت کی کل 1 ٹن سے زائد منشیات برآمد، 91 ڈرگ ڈیلرز بھی گرفتار کر لیے گئے

منشیات فروشوں کیخلاف دبئی پولیس کا گرینڈ آپریشن، ملک کے مختلف مقامات سے کروڑوں ڈالرز مالیت کی کل 1 ٹن سے زائد منشیات برآمد، 91 ڈرگ ڈیلرز بھی گرفتار کر لیے گئے۔ خلیجی خبر رساں ادارے دی نیشنل نیوز کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس نے ملک میں سرگرم منشیات فروشوں کے گینگ کیخلاف گرینڈ آپریشن میں بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دبئی پولیس کو متحدہ عرب امارات میں منشیات فروشوں کے ایک ایسے بین الاقوامی گینگ کے سرگرم ہونے کی اطلاعات ملیں جو بذریعہ سوشل میڈیا منشیات فروشی میں ملوث تھا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ گینگ پورے ملک میں سرگرم تھا اور منشیات کی کھیپ کسی بھی مخصوص مقام پر زمین میں دفن کرنے کے بعد لین دین کے معاملات طے کرتا اور پھر اپنے گاہک کو چھپائی گئی منشیات کا مقام بتا دیتا۔

اس حوالے سے تفصیلات موصول ہونے کے بعد دبئی پولیس نے باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کیا اور موصول ہونے والی خفیہ اطلاعات کی تصدیق کے بعد گینگ کیخلاف کاروائی کیلئے مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ دبئی پولیس نے منظم انداز میں ملک بھر میں مذکورہ گینگ کے خلاف کاروائیاں کیں اور ان کاروائیوں کے نتیجے میں 91 منشیات فروش گرفتار ہوئے جو بیرون ملک سرگرم گینگ کے ساتھ روابط قائم کیے ہوئے تھے۔

کاروائیوں کے دوران 1300 کلو گرام سے زائد وزنی منشیات بھی برآمد کی گئی، برآمد کی گئی منشیات کی مالیت 48 ملین ڈالرز ہے جو ملک کے مختلف مقامات پر زیر زمین دفن کی گئی تھی، تاہم دبئی پولیس اپنی پیشہ وارانہ مہارت کی بدولت منظم انداز میں آپریٹ کرنے والے گروہ پر قابو پانے میں کامیاب ہو گئی۔ دبئی پولیس نے کل 1 ہزار 342 کلو گرام وزنی منشیات برآمد کی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button