متحدہ عرب امارات

دبئی پولیس کا مساج پارلر کی آڑ میں فحاشی کے اڈے چلانے والوں کے خلاف ایکشن

گزشتہ تین سالوں میں 2,025 افراد گرفتار‘ 165 افراد پارلرز کے نیم عریاں کارڈ تقسیم کر رہے تھے‘ شہری مساج سروسز والے کارڈز لینے کی غلطی بھی نہ کریں ، دبئی پولیس نے خبردار کردیا

دبئی پولیس نے مساج پارلر کی آڑ میں فحاشی کے اڈے چلانے والوں کے خلاف ایکشن لیتے ہوئے غیر قانونی مساج پارلرز کو فروغ دینے میں ملوث 2,025 افراد کو گرفتار کرلیا ، لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ 901 پر کال کریں یا غیر قانونی سرگرمیوں کو فروغ دینے والوں کی اطلاع دینے کے لیے سمارٹ ایپ استعمال کریں ، شہری مساج سروسز کی تفصیلات پیش کرنے والے کارڈز لینے کی غلطی بھی نہ کریں ۔

گلف نیوز کے مطابق دبئی پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جمال الجلاف نے بتایا کہ گزشتہ تین سالوں میں 2,025 افراد کو گرفتار کیا گیا ، جن میں سے 165 ایسے ہیں جو بغیر لائسنس کے پارلر کے کارڈ تقسیم کر رہے تھے ، دبئی پولیس کی مہم کے نتیجے میں ان کارڈز پر پائے جانے والے 3,114 فون نمبرز کی سروسز بھی منقطع کردی گئیں جب کہ دبئی پولیس نے غیر قانونی کاروباری مقامات کے طور پر استعمال ہونے والے 218 فلیٹس پر بھی چھاپے مارے اور 2,025 خلاف ورزی کرنے والوں کو گرفتار کیا ، جن میں سے 1,643 پر عوامی اخلاقیات کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا گیا ، جب کہ 165 کو غیر اخلاقی کارڈز چھاپنے اور تقسیم کرنے پر گرفتار کیا گیا۔

بریگیڈیئر الجلاف نے کہا کہ دبئی پولیس نے اس طرح کی نقصان دہ سرگرمیوں کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے اور ان غیر لائسنس یافتہ کاروباروں کے مقامات اور آپریٹرز کا سراغ لگانے کے ساتھ ساتھ مساج کارڈ تقسیم کرنے والوں کو گرفتار کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر دی ہیں ، اس کے لیے دبئی پولیس نے متعدد زبانوں میں نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جو عوام کو شہر میں غیر قانونی مساج سنٹروں کو طلب کرنے کے خطرات سے خبردار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس طرح کے کارڈز نا صرف غیر قانونی کاروبار کو فروغ دیتے ہیں بلکہ ان میں بے ہودہ تصاویر بھی ہوتی ہیں جو عوامی شرافت کی خلاف ورزی کرتی ہیں ، دبئی پولیس اس غیر مہذب رجحان کو ختم کر دے گی ، انہوں نے عوام کو ایسے غیر قانونی مساج سینٹرز سے نمٹنے سے خبردار کیا اور اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا ، اس کے علاوہ وہ خود کو بھتہ خوروں کا شکار ہونے کے واضح خطرات سے آگاہ کریں گے۔

دبئی پولیس کے کرمنل انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر نے کہا کہ شہری ایسی سرگرمیوں کی اطلاع کے لیے 901 ڈائل کریں یا کسی بھی مشکوک یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع دینے کے لیے دبئی پولیس کی سمارٹ ایپلی کیشن کے ذریعے ‘پولیس آئی’ سروس استعمال کریں ، جس کے ذریعے ان بغیر لائسنس مراکز اور ان کے پروموٹرز کی بھی اطلاع دی جاسکتی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button