متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کے معرو ف بینک نے800 ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا

دُبئی کے سب سے بڑے بینک ایمریٹس NBDنے اعلان کیا ہے کہ کورونا کے باعث موجودہ معاشی بحران نے بینک کو خسارے کا شکا ر کر دیا ہے

دُبئی: کورونا کی عالمی وبا کے باعث دُنیا بھر کی معیشت کو شدید نقصان پہنچا ہے، جہاں ایک طرف فضائی کمپنیاں دیوالیہ ہو رہی ہیں، وہاں بہت سے معروف بینک بھی خسارے کا شکار ہو رہے ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے معروف بینک ایمریٹس NBD نے اپنے800 ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ایمریٹس NBD دُبئی کا سب سے بڑابینک ہے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق بینک کے ترجمان نے بتایا کہ مستقبل میں بینک کی ضروریات اور اخراجات کو مدنظررکھتے ہوئے اس کے سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے۔ اس مقصد کی خاطر بینک کے 800 ملازمین کی نوکریاں ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس پر جلد ہی عمل درآمد کیا جائے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ کورونا کی عالمی وبا نے اماراتی فنانشل سیکٹر اور بینکنگ شعبے کو بھی معاشی بحران سے دوچار کیا ہے۔

ایمریٹس NBD بھی حالیہ بحران سے متاثرہوا ہے جس کے بعد اس کے مختلف آپریشنز اور سٹاف میں کمی کی جا رہی ہے ۔ترجمان نے مزید کہا کہ موجودہ صورت حال میں بدقسمتی سے بینک کے کچھ ملازمین کی نوکریاں ختم کی جا رہی ہیں، جس کا مقصد مستقبل میں بینک کے معاملات کو مستحکم انداز سے چلانا ہے ، کیونکہ موجودہ بحران کے باعث بینک کو آئندہ وقت میں مزید چیلنجز کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سو ہم اگلے وقت کی منصوبہ بندی کی خاطر یہ فیصلہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں ۔یہ ایک بہت مشکل فیصلہ تھا، جن ملازمین کو نکالا جا رہا ہے، ہم ان کے اچھے مستقبل کے لیے دُعا گو ہیں۔ ہمیں اُمید ہے کہ اگلے وقت میں امارات کی معیشت دوبارہ بہتری کی طرف گامزن ہو جائے گی تو ہم اپنے صارفین کو بہترین تعاون فراہم کریں گے اور ان کے بزنس کی ترقی میں بھر پور مالی امداد دیں گے۔

 

Source : Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button