متحدہ عرب امارات

نواز شریف کے خلاف فیصلہ دینے والے جج ارشد ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے

خلیج اردو
04 دسمبر 2020
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا سنانے والے احتساب عدالت کے سابق جج ارشد ملک انتقال کر گئے، پاکستان میں میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ کورونا وائرس سے متائثر ہوئے تھے جس کی تصدیق ان کے خاندان نے کی ہے۔ ڈان اخبار کے مطابق ارشد ملک کے بہنوئی وحید جاوید نے انکی وفات کی تصدیق کی ہے۔ وہ گزشتہ 25 روز سے اسلام آباد کے نجی اسپتال ‘شفا اسپتال’ میں زیر علاج تھے۔

ارشد ملک اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے اور گزشتہ دو روز ان کی حالت انتہائی بگڑ گئی تھی۔ ارشد ملک کی نماز جنازہ اور تدفین مندرہ کے گاؤں میں ہوگی۔ ان کے پسماندگان میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔

جج ارشد ملک نے 4 دسمبر 2018 کو العزیزیہ اسٹیل ملز کرپشن ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ انویسٹمنٹس سے متعلق دوسرے ریفرنس میں نواز شریف کو بری کردیا تھا۔ اس فیصلے کو مسلم لیگ نواز نے ہمیشہ دباؤ میں آکر دیا جانے والا فیصلہ قرار دیا تھا اور وہ الزام لگاتے رہے کہ جج کو خفیہ ایجنسیوں کی جانب سے من سپند فیصلہ سنانے کیلئے بلیک میل کیا گیا تھا۔

اس سلسلے میں جولائی 2019 کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے لاہور میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔ اس ویڈیو میں مبینہ طور پر جج ارشد ملک، مسلم لیگ (ن) کے کارکن ناصر بٹ سے ملاقات کے دوران نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے فرمارہے تھے کہ انہوں نے فیصلہ دباؤ میں آکر دیا ہے۔

اس معاملے کی انکوائری کے بعد اس سال جولائی میں لاہور ہائی کورٹ کی انتظامی کمیٹی نے جج ارشد ملک کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا تھا۔

Source : Dawn.com

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button