متحدہ عرب امارات

شارجہ میں رہنے والے پاکستانیوں اور دیگر شہریوں کو خوش خبری سنادی گئی

50 ویں قومی دن کے لیے متحدہ عرب امارات کی جاری تقریبات کی مناسبت سے شارجہ پولیس نے ایگزیکٹو کونسل کے فیصلے کی بنیاد پر ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کردیا

متحدہ عرب امارات کی ریاست شارجہ میں ٹریفک جرمانے پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کردیا گیا ۔ 50 ویں قومی دن کے لیے متحدہ عرب امارات کی جاری تقریبات کی مناسبت سے شارجہ پولیس نے شارجہ ایگزیکٹو کونسل کے فیصلے کی بنیاد پر ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے ، یہ رعایت 21 نومبر سے پہلے جاری کیے گئے جرمانوں پر ملے گی ، جن کی ادائیگی کے لیے ونڈو 31 جنوری 2022ء تک کھلی ہے ۔

معلوم ہوا ہے کہ شاجہ پولیس نے مقررہ مدت کے لیے گاڑیوں اور ٹریفک پوائنٹس کی تحویل کو منسوخ کرنے کا فیصلہ بھی جاری کیا ، اس کمی کا اطلاق سنگین خلاف ورزیوں کے سوا شارجہ میں ہونے والی تمام ٹریفک خلاف ورزیوں پر ہوتا ہے ، یہ فیصلہ خلاف ورزی کرنے والوں کو جرمانے کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنے کے لیے آیا ہے ۔

شارجہ پولیس نے گاڑیوں کے مالکان سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ جرمانے کی ادائیگی میں تیزی لائیں اور مقررہ مدت کے اندر دی گئی رعایت سے فائدہ اٹھائیں اور ٹریفک کے تمام قوانین پر عمل کرتے ہوئے خلاف ورزیوں اور حادثات سے گریز کریں ، اس ضمن میں شارجہ پولیس کے محکمہ ٹریفک اور پٹرولنگ کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ کرنل محمد عالی النقبی نے کہا کہ یہ رعایت 50 دن تک جاری رہے گی اور انہوں نے خلاف ورزی کرنے والے مالکان پر زور دیا کہ وہ اپنی خلاف ورزیوں کا ازالہ کریں۔

یہ جرمانے درج ذیل طریقوں سے ادا کیے جا سکتے ہیں۔
• شارجہ پولیس کی ویب سائٹ کے ذریعے
• ایپل اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے دستیاب وزارت داخلہ ایپ کے ذریعے
• شاپنگ مالز اور عوامی مقامات پر واقع ‘Sahl’ ادائیگی کیوسک کے ذریعے

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button