متحدہ عرب امارات

ماراتی حکام کا شاندار اقدام، پاکستانی اور دیگر غیر ملکی کارکنان میں جیکٹس ، جاء نماز اور دیگر اشیا کی تقسیم

متحدہ عرب امارات میں کورونا سے بچاؤ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، کیونکہ گزشتہ ہفتے کے دوران مملکت میں کورونا کے ریکارڈ کیسزسامنے آئے ہیں۔ تین روز تک یومیہ کورونا کیسز کی گنتی تین ہزار کے لگ بھگ منڈلاتی رہی ہے۔ جس کے بعد اماراتی ریاستوں میں خطرے کی گھنٹی بج گئی ہے۔ اس موقع پر اماراتی حکام نے غیر ملکی کارکنان کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی اقدامات شروع کر دیئے ہیں کیونکہ زیادہ تر کیسز کارکنان میں ہی سامنے آ رہے ہیں۔

ابوظبی حکومت نے ریاست میں مقیم غیر ملکی کارکنان کو جہاں سردی سے بچانے کے لیے ان میں جیکٹس کی تقسیم شروع کر دی ہے، وہاں انہیں کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے جائے نماز اور فیس ماسک بھی دیئے جا رہے ہیں۔

خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق تمام انڈسٹریل ایریا ز میں خلیفہ بن زاید فاؤنڈیشن کے رضا کار اور ابوظبی پولیس کی خصوصی ٹیمیں مشترکہ طور پر جیکٹس، جائے نماز اور فیس ماسک تقسیم کر رہی ہیں۔

اس حوالے سے ابوظبی حکومت کا کہنا ہے کہ کارکنان کو سردی اور کورونا سے بچاؤ کی خاطر آج کل جیکٹس اور ماسک کی بہت زیادہ ضرورت ہے۔ انہیں ان اشیاء کی مفت فراہمی کا ذمہ حکومت کی جانب سے اپنے سر لیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ احتیاطی اقدامات کے طور پر تمام کارکنان کو جائے نماز بھی دی جا رہی ہیں تاکہ وہ مساجد میں نماز ادا کرتے وقت اپنا الگ جائے نماز لے کر جائیں۔
اب تک انڈسٹریل ایریاز میں ڈیڑھ لاکھ ماسک اور 16 ہزار جیکٹس تقسیم کی جا چکی ہیں۔ آنے والے دنوں میں مزید ہزاروں کارکنان میں جیکٹس، ماسک اور جائے نماز تقسیم کی جائیں گی۔ ابوظبی گورنمنٹ میڈیا آفس کی جانب سے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں خلیفہ بن زاید فاؤنڈیشن اور ابوظبی پولیس کوکارکنان میں ماسک، مصلیٰ اور جیکٹس تقسیم کرتے دکھایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button