خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

بھارت ، اسرائیل، امریکا اور متحدہ عرب امارات کا نیا اتحاد قائم

خلیج اردو: امریکی صدر جو بائیڈن آئندہ ماہ، 12 سے 16 جولائی تک مغربی ایشیا کے دورے پر ہوں گے۔ اس دوران بائیڈن ایک ورچوئل کانفرنس میں شامل ہوں گے جس میں انڈیا، متحدہ عرب امارات اور اسرائیل بھی موجود ہوں گے۔

اس بارے میں مزید تفصیلات بتاتے ہوئے امریکی انتظامیہ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ چار ممالک کے اس نئے اتحاد کا نام I2U2 (آئی ٹو یو ٹو) ہوگا۔

اس گروپ میں ‘آئی ٹو’ انڈیا اور اسرائیل کے لیے اور ’یو ٹو‘ امریکہ اور متحدہ عرب امارات کے لیے ہے۔

ان چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ کی میٹنگ اکتوبر 2021 میں ہوئی تھی۔ انڈین وزیر خارجہ ایس جے شنکر اس میٹنگ میں شرکت کے لیے اسرائیل گئے تھے۔

اس وقت چار ممالک کے اس گروپ کا نام ’انٹرنیشنل فورم فار اکنامک کوآپریشن‘ تھا۔

اب چاروں ممالک کے سربراہ اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔

صدر بائیڈن اسرائیل کے دورے کے بعد مقبوضہ غربِ اردن جائیں گے جہاں وہ فلسطینی حکام کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔ اس کے بعد وہ سعودی عرب جائیں گے۔ یہاں بائیڈن خلیجی تعاون کونسل کی کانفرنس میں شریک ہوں گے۔ مصر، عراق اور اردن سمیت نو ممالک کے سربراہان اس اجلاس میں شرکت کریں گے۔

اس سب میں انڈیا کی اہمیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے کہا کہ ‘انڈیا ایک بڑی مارکیٹ ہے۔ یہ صارفین کی ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ ساتھ ہی ساتھ یہ جدید ٹیکنالوجی اور انتہائی مطلوب پراڈکٹس کا تیار کنندہ بھی ہے۔ کئی شعبے ہیں جہاں یہ ممالک مل کر کام کر سکتے ہیں چاہے وہ ٹیکنالوجی ہو، کاروبار، ماحولیات، کووڈ 19 اور سکیورٹی۔’

جب نیڈ پرائس سے پوچھا گیا کہ اس گروپ کا مقصد کیا ہے تو اُنھوں نے کہا کہ وہ اتحاد اور شراکت دار جو پہلے موجود تھے اُن کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ نہیں اٹھایا گیا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button