خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

دبئی میں متعارف کردہ دنیاکی ’تیز ترین اور بیش قیمت‘‘ایمبولینس گاڑی میدانِ عمل میں آگئِی

خلیج اردو: دبئی نے ایکسپو 2020ء میں دنیا کی تیزترین اور بیش قیمت ایمبولینس گاڑی متعارف کرانے کا دعویٰ کیا ہے۔

یواے ای کی سرکاری خبررساں ایجنسی وام کے مطابق ’ہائپراسپورٹ ریسپانڈر‘نامی یہ گاڑی دبئی میں قائم ڈبلیو موٹرز نے تیارکی ہے۔یہ کمپنی اپنی لائکان ہائپراسپورٹ گاڑی کے لیے مشہورہے۔

لائکان ہائپراسپورٹ نے اس وقت عالمی شہرت حاصل کی تھی جب اس نے ہالی ووڈ مقبول فلم ’’فاسٹ اینڈ فیوریئس 7‘‘ کے بعض مناظر کے لیے استعمال کیا گیا تھا۔

وام کی رپورٹ کے مطابق نئی متعارف کردہ ایمبولینس گاڑی کی قیمت مبیّنہ طورپر35 لاکھ ڈالر(ایک کروڑ 30 لاکھ درہم) ہے اور یہ صرف 2.8 سیکنڈ میں 0 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹا کی رفتار سے دوڑسکتی ہے۔اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار400 کلومیٹر فی گھنٹا ہے۔

اس کی ایل ای ڈی ہیڈ لائٹس میں 440 ہیرے جڑے ہوئے ہیں۔اس کی اندرونی چھت پر سونے کا کام ہوا ہے۔اندرونی حصے میں لگے ہوئے چمڑے پرسونے کی کڑھائی ہوئی ہے۔

دبئی کارپوریشن برائے ایمبولینس خدمات(ڈی سی اے ایس) کے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او) خلیفہ بن درائی نے کہا کہ کار کی تیز رفتار اورصلاحیتیں ہنگامی حالات کے دوران میں ردعمل کے وقت میں نمایاں کمی لا سکتی ہیں اور بروقت مداخلت کو یقینی بناسکتی ہیں۔

اس وقت ڈی سی اے ایس کے بیڑے میں 331 گاڑیاں شامل ہیں جو امارت بھر میں کسی بھی ناگہانی صورت حال میں بروقت جواب دینے کے لیے دستیاب ہوتی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button