متحدہ عرب امارات

پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف آپریشن ردالفساد کے پانچ سال مکمل ہوگئے۔

خلیج اردو
راولپنڈی : پاکستان میں دہشتگردی اور انتہا پسند کے خلاف جاری آپریشن ردلفساد کو پانچ سال مکمل ہو گئے ہیں۔ پاکستان میں افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے سربراہ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ آپریشن کا مقصد دہشتگردی کے خلاف دو دہائیوں کی طویل جنگ کے فوائد کو مستحکم کرنا تھا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق آپریشن ردّالفساد کے ملک دشمن عناصر کے خلاف کامیاب آپریشنز کے پانچ سال مکمل ہو گئے۔ کراچی سے خیبر تک ریاستی رٹ مکمل بحال ہوئی۔ بلوچستان اور ضم شدہ قبائلی اضلاع میں ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔

آپریشن ردالفساد کے 22 فروری 2017ء کو آغاز سے ہی دہشتگرد تنظیموں کے مکمل خاتمے، دہشتگردوں کے زیر اثر علاقوں کو کلیئر کرنے کیساتھ سماجی و معاشی ترقی کے کئی منصوبے مکمل کیے گئے، ایف سی کے 67 نئے ونگز قائم، ملک بھر سے 40 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکاروں، 22 ہزار لیویز، خاصہ داروں کو تربیت فراہم کی گئی، انتہا پسندی اور نفرت انگیز مواد کے خلاف بھی مؤثر اقدامات کیے گئے۔

سرحدی انتظام کو فول پروف بنانا آپریشن ردالفساد کا خاصا رہا… پاک، افغان سرحد پر باڑ کی تنصیب 95 فیصد جبکہ پاک، ایران سرحد پر 78 فیصد مکمل ہو چکی… 679 قلعے، چوکیاں، ٹرمینلز تعمیر ہوئے، قبائلی اضلاع میں 74 مربع کلومیٹر علاقے سے 60 ہزار سے زیادہ بارودی سرنگیں ناکارہ بنا کر کلئیر کی گئیں، شمالی وزیرستان، خیبر آپریشن سے پاک، افغان سرحد پر ریاستی رٹ بحال ہوئی، عارضی نقل مکانی کرنے والے خاندان باعزت و بحفاظت گھرو‍ں کو لوٹے.

آپریشن رد الفساد کے تحت فوجی عدالتیں قائم ہوئیں، مقدمات کی تیز تر سماعت ہوئی، 78 سے زیادہ دہشتگرد تنظیموں اور دہشتگردوں کے خلاف کارروائی ہوئی… 1200 سے زیادہ شدت پسند قومی دھارے میں شامل ہوئے…. سی پیک کو ہر ممکن تحفظ دیا گیا، دشمن خفیہ ایجنسیوں کی پاکستان مخالف سازشیں بے نقاب کی گئیں.. شہر قائد کی روشنیاں بحال، امن لوٹ آیا، کراچی عالمی جرائم انڈکس میں چھٹے سے 124ویں نمبر پر آ گیا.

سکیورٹی اداروں نے چھٹی مردم شماری اور ملک میں چھٹی مردم شماری میں مکمل سیکیورٹی فراہم کی. ملک میں بین الاقوامی کرکٹ بحال ہوئی، پاکستان سپر لیگ کا انعقاد ہوا جس میں غیرملکی کھلاڑی فول پروف سیکیورٹی پر معترف نظر آئے، گوادر، گلگت بلتستان سیاحت کا مرکز بنا، تو مذہبی سیاحت کو بھی فروغ ملا.

آپریشن ردالفساد کے آغاز پر پانچ سال قبل آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا تھا، "ہر پاکستانی آپریشن ردالفساد کا سپاہی ہے، آئیں مل کر پاکستان کو محفوظ اور مضبوط بنائیں.” پوری قوم سپہ سالار کیساتھ اور سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہوئی اور پاکستان کی خوبصورت تصویر میں امن کے رنگ بھر دیے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button