پاکستانی خبریںمتحدہ عرب امارات

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے یو اے ای کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی کی ملاقات

خلیج اردو: وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزعابی نے ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں میں پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاکستانی عوام کی طرف سے متحدہ عرب امارات کے سابق صدر شیخ خلیفہ بن زاید آل نھیان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ خلیفہ مرحوم پاکستان کے دوست تھے، ان کی وفات دونوں ممالک کے لئے بڑا نقصان ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ یو اے ای کے نئے صدر شیخ محمد بن زاید بن سلطان آل نھیان زیرک اور ترقی پسند لیڈر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر شیخ محمد بن زاید آنے والی نسلوں کی ترقی وخوشحالی کا انقلابی وژن رکھتے ہیں۔ دونوں قائدین دونوں ممالک کے درمیان معاشی، تجارتی، سماجی سمیت باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں مضبوط تعلقات اور روابط کے فروغ کے خواہاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے نئی فلم و کلچر پالیسی پر عمل شروع کیا ہے۔ یو اے ای اے کے فلم سازوں اور سرمایہ کاروں کو فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہیں۔ مریم اورنگزیب نے دبئی ایکسپو کے کامیاب انعقاد پر یو اے ای کی قیادت اور منتظمین کو مبارک پیش کرتے ہوئے کہا کہ دبئی نمائش سے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کے علاوہ معاشی مواقع میں اضافہ ہوا اور مختلف ممالک کی ثقافت کو فروغ ملا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق تجارت اور بزنس ٹو بزنس روابط کو مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے مریم اورنگزیب کو وزارت اطلاعات کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی قیادت کے وژن کے مطابق دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر یقین رکھتے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button