متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات کا 50 واں قومی دن : سات رہنما ، سات خطوط کا پیغام لیکن مستقبل صرف ایک

خلیج اردو
دبئی : متحدہ عرب امارات میں قومی دن کی تقریبات جاری ہے۔ آج ملک اپنا 50 واں قومی دن منارہی ہے۔ ترقی ، خوشحالی ، امن و سلامتی اور استحکام کے 50 سالوں کا سفر مکمل ہونے پر یو اے ای کے رہنماؤں کا فوکس اب مستقبل پر ہے اور اپنے آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارنے میں مصروف ہیں۔

اسی مناسبت سے 7 ایمریٹس کے سات رہنماؤں نے آفیشل جشن سے پہلے اپنے اپنے خطوط میں مستقبل کے حوالے سے اپنے ویژن کا اظہار کیا ہے۔

قائدین نے اپنے خطوط میں قوم کے نام پیغام میں گزشتہ 50 سالوں کے سفر کی عکاسی کرتے ہوئےاگلے پانچ دہائیوں کیلئے اپنے وژن کو شیئر کیا۔

صدر شیخ خلیفہ بن زاید النہیان کی جانب سے 1971 میں یو اے ای کے قیام کے 50 سالوں کی یاد میں 2021 میں قومی دن کو 50 ویں سال کے طور پر منانے کے اعلان کے بعد قوم کے نام یہ خطوط متحدہ عرب امارات کیلئے ایک تاریخی سنگ میل کی نشاندہی کرتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیر اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اس موقع پر اپنے خط میں کہا ہے کہ اگلے 50 سالوں کا سفر شروع ہو گیا ہے اور ہر کوئی اس مستقبل کی تعمیر میں حصہ لے سکتا ہے جس کی ہم سب بنیاد رکھ رہے ہیں۔

ابوظہبی کے ولی عہد شہزادہ اور متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زید النہیان نے کہا کہ ملک کا اتحاد اس کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ متحدہ عرب امارات دنیا کے لوگوں تک خیر سگالی اور امن کا پیغام پہنچانے کے اپنے مقصد کو جاری رکھے گا، اور سب کے لیے پائیدار ترقی کو فروغ دینے کے لیے ان کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا رہے گا۔”

سپریم کونسل کے رکن اور شارجہ کے حکمران ڈاکٹر شیخ سلطان بن محمد القاسمی نے خط میں کہا ہے کہ گزشتہ 50 سالوں سے ہمارا عزم غیر معمولی ہے ہمارے جذبے بلند اور ہماری قوتِ ارادی مضبوط ہے۔ ہمارے اہداف بالکل واضح ہیں کہ ہم نے معاشرے کو ہر سطح پر آگے لے کر جانا ہے۔

سپریم کونسل کے رکن اور عجمان کے حکمران شیخ حمید بن راشد النعمی نے کہا ہے کہ آج یو اے ای کے اتحاد کے اعلان کے 50 سال بعد ہم اس اتحاد کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ یہ سفر غیر معمولی طور پر متاثر کن اور انسانیت میں گہری بنیادیں رکھتا ہے۔

سپریم کونسل کے رکن اور ام القوین کے حکمران شیخ سعود بن راشد المعلا نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی منانے کیلئے ہماری تیاریاں آنے والے 50 سالوں کیلئے ہماری جامع ترقیاتی حکمت عملی کا حصہ ہیں۔

سپریم کونسل کے رکن اور راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی نے کہا کہ پچاس سال دنیا اس عرصے کو کئی سالوں کے حوالے سے دیکھتی ہے لیکن ہم اسے اپنی نوجوان قوم کی لاتعداد کامیابیوں کی نظر سے دیکھتے ہیں۔

سپریم کونسل کے رکن اور فجیرہ کے حکمران شیخ حمد بن محمد الشرقی نے کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات درخشاں دور کی طرف بڑھ رہا ہے۔ آنے والا وقت، مستقبل ہمارا ہے۔ اپنے لوگوں کے بلند حوصلوں کے ساتھ ایک ایسا وژن جس کا کوئی حد نہیں اور عزم کے اٹل جذبے کے ساتھ ہم یقینی طور پر تمام رکاوٹوں کو عبور کر کے ایک روشن مستقبل کی طرف اعتماد کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔

متحدہ عرب امارات کے شہریوں اور رہائشیوں کی حوصلہ افزائی کی جاتی ہے کہ وہ قوم کے نام یہ خطوط پڑھیں جو کہ www.UAEYearOf.ae پر مکمل طور پر دستیاب ہیں اور متحدہ عرب امارات کے مستقبل کا تصور کرتے ہوئے اپنے مستقبل کیلئے خطوط لکھ کر جواب دیں۔

اس ماہ کے شروع میں متحدہ عرب امارات کی گولڈن جوبلی تقریبات کی کمیٹی نے اعلان کیا تھا کہ آج 2 دسمبر کو متحدہ عرب امارات کے 50ویں قومی دن کے موقع پر سرکاری تقریب دبئی کے ہٹہ میں منعقد ہوگی۔

Source : Khaleej Times

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button