متحدہ عرب امارات

چائے گرانے کی معمولی غلطی، دُبئی میں افغانی مالک نے پاکستانی ملازم کی اُنگلیاں کاٹ ڈالیں

دُبئی میں ایک افغانی ریسٹورنٹ مالک نے اپنے ساتھی کے ساتھ مل کر پاکستانی ملازم پر ظلم کی انتہا کر ڈالی۔ خلیج ٹائمز کے مطابق ریسٹورنٹ کے 21 سالہ افغانی مالک نے اپنے 26 سالہ افغانی دوست کے ساتھ مل کر پاکستانی ملازم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر چھُری سے حملہ کر کے اس کے بائیں ہاتھ کی ایک اُنگلی بھی کاٹ ڈالی اور دوسری انگلی بھی شدید زخمی ہوئی۔

جب 23 سالہ مظلوم پاکستانی نے اس بھیانک حرکت کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کروانے کی کوشش کی تو افغانی مالک نے دھمکی دی کہ ایسا کرنے پر وہ اسے تنخواہ نہیں ادا کرے گا، اس کا ویزہ کینسل کروا کے ڈی پورٹ کروا دے گا اور آئندہ کے لیے اس کے امارات داخلے پر بھی پابندی لگوا دے گا۔
تاہم پاکستانی نے نتائج کی پرواہ کیے بغیر اس واقعے کی رپورٹ الرشیدیہ پولیس اسٹیشن میں درج کروا دی۔

پاکستانی ملازم نے عدالت کو بتایا ”میں الغرود کے ایک ریسٹورنٹ میں ملازم ہوں ۔ وقوعہ کے روزمیں چائے پی رہا تھا جب غلطی سے چائے منہ سے نکل کر مالک کے دوست پر گر گئی۔ اتنی سی بات پرمالک کے دوست نے مجھ پر اپنی چائے گرا دی۔ مالک اور اس کے دوست نے انتہائی نازیبا الفاظ استعمال کیے اور پھر کچن کی ٹیبل پر پڑی چھری سے مجھ پر حملہ کر دیا ۔ جس کے نتیجے میری دو انگلیاں شدید زخمی ہو گئیں۔

مجھے فوری طور پر ہسپتال لے جایا گیا۔ جہاں میں کئی روز تک زیر علاج رہا۔ تاہم میری ایک اُنگلی ضائع ہو گئی۔ 45 روز کے بعد میں دوبارہ ریسٹورنٹ گیا اور مالک کو بتایا کہ تشدد کرنے پر میں ان دونوں کے خلاف پولیس میں رپورٹ درج کروانے لگا ہوں۔ اس بات پر اس نے مجھے دھمکی دی کہ وہ میری تنخواہ ادا نہیں کرے گا، میرا رہائشی ویزہ کینسل کروانے کے بعد ڈی پورٹ کروائے گا اور میرے امارات دوبارہ داخلے پر پابندی لگوا دے گا۔

تاہم میں نے اس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ اس وقوعے کے وقت ریسٹورنٹ میں کئی افراد موجود تھے۔ عدالت میں پیش کی گئی میڈیکل رپورٹس کے مطابق ملزم کی ایک اُنگلی بُری طرح متاثر ہوئی ہے اور وہ کئی ماہ بعد بھی اسے حرکت نہیں دے پا رہا۔ اس مقدمے کی اگلی سماعت 29 دسمبر کو ہو گی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button