پاکستانی خبریںخلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

قطر، یو اے ای کی مزید امداد کی آمد، پروازوں کی تعداد 35 ہوگئی

خلیج اردو: عالمی برادری سیلاب زدگان کی مدد میں پیش پیش ہے، قطر اور متحدہ عرب امارات سے مزید دو پروازیں سامان لیکر پہنچ گئیں، یونیسف سے بھی ایک طیارے کی کراچی آمد ہوئی، مختلف ممالک سے آنیوالی امدادی پروازوں کی تعداد 35 ہوگئی۔ یو اے ای کا خصوصی طیارہ سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سامان لے کر لاہور پہنچا، وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی ہدایت پر صوبائی وزیر صنعت و ہاؤسنگ میاں اسلم اقبال نے ایئرپورٹ پر متحدہ عرب امارات سے آنے والا امدادی سامان وصول کیا۔

متحدہ عرب امارات سفارتخانے کے چارج ڈی افیئرز راشد اَل علی نے امدادی سامان صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال کے حوالے کیا۔ میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ متحدہ عرب امارات کی طرف سے پنجاب کے سیلاب زدگان کیلئے امدادی سامان بھجوانے پر مشکور ہیں، متحدہ عرب امارات مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا ہے، امدادی سامان جلد متاثرین میں تقسیم کیا جائے گا-صوبائی وزیر نے پنجاب کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں سے متحدہ عرب امارات کے چارج ڈی افیئرز اور وفد کو آگاہ کیا۔

میاں اسلم اقبال نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی جانب سے امدادی سامان بھجوانے پر متحدہ عرب امارات کے وفد کا شکریہ ادا کیا۔پرویز الٰہی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے ضروری سامان بھجوانے پر متحدہ عرب امارات کی حکومت اور سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی کا شکریہ ادا کرتے ہیں، متحدہ عرب امارات نے ہر آزمائش میں پاکستان کے عوام کی بھرپور مدد کی ہے، پاکستان اور برادر اسلامی ملک متحدہ عرب امارات کی دوستی لازوال رشتوں میں بندھی ہوئی ہے، سامان متاثرین سیلاب میں تقسیم کیا جائے گا، امداد سے سیلاب متاثرین کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کے لیے دوست ممالک سے امدادی پروازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، قطر اور متحدہ عرب امارات سے مزید دو امدادی پروازیں پاکستان پہنچ گئیں، سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے اب تک مختلف ممالک سے 34، متحدہ عرب امارات سے 14، ترکی سے اب تک 11، چین سے 4، قطر سے تین، ازبکستان اور فرانس سے ایک، ایک پرواز کی امداد پاکستان پہنچ چکی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button