متحدہ عرب امارات

دبئی میں ایک اپارٹمںٹ لوٹنے والے چار ایشیائی باشندوں پر 9 لاکھ 85 ہزار درہم جرمانے اور قید کی سزا برقرار

 

خلیج اردو آن لائن:

دبئی کی کورٹ آف اپیل نے عدالت عالیہ کی جانب سے دو مفرور ملزمان سمیت چار ایشیائی باشندوں کو ایک اپارٹمنٹ میں ڈاکہ ڈالنے کے الزام میں سنائی گئی 5 سال قید کی سزا کو برقرار رکھنے کا فیصلہ سنا دیا۔

عدالت عالیہ کی جانب سے ملزمان کو 9 لاکھ 85 ہزار درہم جرمانہ ادا کرنے اور قید کی سزا مکمل کرنے کے بعد ملک بدری کا حکم بھی سنایا گیا تھا۔

مقدمے کی تفصیلات:

مقدمہ فروری 2020 کا ہے۔ جب ایک ایشیائی خاتون کی جانب سے پولیس کو شکایت درج کروائی گئی تھی کہ کچھ افراد نے اس کے اپارٹمنٹ میں گھس کر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اس فلیٹ کے اندر پڑی لوہے کی سیف میں سے 9 لاکھ 85 ہزار درہم لوٹ لیے گئے۔

متاثرہ خاتون کے بیان کے مطابق ملزمان میں سے ایک نے اس کے گھر کے دروازے پر دستک دی۔ جب اس نے دروازہ کھولا تو وہ زبردستی گھر میں گھس آیا۔ اس کے بعد ایک اور ملزم بھی گھر میں داخل ہوگیا۔

بعد میں آنے والے شخص نے خاتون کے منہ پر ہاتھ رکھا تا کہ وہ چلا نہ سکے۔ اس کے بعد پہلے والے نقاب پوش ملزم نے خاتون کے ہاتھ پیر باندھ دیے اور اس کے منہ میں ایک کپڑا ٹھونس دیا گیا۔ اس کے بعد خاتون کو گھر کے واش روم میں  بند کر دیا گیا۔

پولیس کو شکایت موصول ہونے  کے بعد پولیس نے کاروائی شروع کردی۔ تحقیقاتی ٹیم کے ایک افسر کی گواہی کے مطابق پہلے ملزم کی شناخت سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی گئی۔ شناخت ہونے کے بعد اسے ایک دوسری امارات سے گرفتار کر لیا گیا۔

پہلے ملزم کی گرفتاری کے بعد اس تفتیش شروع کی گئی تو اس نے اعتراف جرم کر لیا۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ وہ اس چوری کا ماسٹر مائنڈ تھا اور اس نے دوسرے ساتھی کے مل کر خاتون کا اپارٹمنٹ لوٹا۔ اس کے قبضے سے 9 لاکھ 31 ہزار درہم بھی برآمد کیے گئے۔

مزید برآں، پہلے ملزم نے ہی پولیس کو اپنے دوسرے ساتھی تک پہنچایا۔ جس کے قبضے سے 35 ہزار درہم برآمد ہوئے۔

Source: Gulf Today.

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button