متحدہ عرب امارات

متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے خصوصی فضائی آپریشن مکمل،28 جون سے معمول کی پروازوں کا آغاز

پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی واپسی کیلئے خصوصی فضائی آپریشن مکمل ہوگیا، 3 ماہ کے دوران امارات سے 60 ہزار پاکستانیوں کو وطن واپس لایا گیا، 28 جون سے پی آئی اے اور ائیر بلیو امارات کیلئے معمول کی پروازوں کا آغاز کر دیں گی۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات میں پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی نے ہفتے کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران اعلان کیا کہ امارات میں پھنسے پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے حکومت پاکستان کی جانب سے شروع کیا گیا خصوصی فضائی آپریشن بالآخر اختتام پذیر ہوگیا ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ 3 ماہ کے عرصے کے دوران کل 60 ہزار پاکستانیوں کو خصوصی پروازوں کے ذریعے امارات سے پاکستان واپس لے جایا گیا۔

ان کا کہنا ہے کہ خصوصی فضائی آپریشن کی تکمیل کے بعد اب کل 28 جون سے 2 پاکستانی ائیرلائن متحدہ عرب امارات کیلئے معمول کی پروازوں کا آغاز کر دیں گی۔ ان فضائی کمپنیوں میں پی آئی اے اور ائیر بلیو شامل ہیں۔ پاکستانی قونصل جنرل احمد امجد علی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ پاکستان ائیرلائن نے 50 ہزار سے زائد، جبکہ اماراتی فضائی کمپنیوں نے 10 ہزار پاکستانیوں کو ان کے وطن واپس پہنچایا۔

دبئی سے پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے 30 ہزار جبکہ ابوظہبی سے 20 ہزار پاکستانیوں کی واپسی ممکن ہوئی۔ اس کے علاوہ متحدہ عرب امارات میں انتقال کر جانے والے 208 پاکستانیوں کی میتیں بھی پاکستان واپس بھجوائی گئیں۔ مخیر حضرات کے تعاون سے پاکستانی سفارت خانے نے 561 پاکستانیوں میں وطن واپسی کیلئے مفت ٹکٹس کی تقسیم کی۔ پاکستانی قونصل جنرل نے خصوصی فضائی آپریشن کی تکمیل کیلئے بھرپور مدد فراہم کرنے پر اماراتی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی سے پاکستان کا سفارت خانہ مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔

 

Source : link

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button