متحدہ عرب امارات

طاقت کے بجائے سفارتکاری سے روس اور یوکرین تنازع حل ہونا چاہیئے، وزیر اعظم عمران خان

خلیج اردو
ماسکو : پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کی روسی صدر ولادی میر وی پیوٹن سے ملاقات کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی اور بین الاقوامی امور پرتبادلہ خیال کیا۔

وزیراعظم نے روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو امید ہے کہ سفارت کاری سے فوجی تنازعہ کو ختم کیا جاسکتا ہے۔تنازعہ کسی کے مفاد میں نہیں ہے

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے روسی صدر ولادی میر وی پیوٹن کی ملاقات میں توانائی سے متعلق ممکنہ منصوبوں پر تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات کو مثبت طور پر مستقبل میں مزید فروغ ملےگا۔ اعتماد اور ہم آہنگی پر مبنی تعلقات کومختلف شعبوں میں مزید گہرا اور وسیع کیا جائے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان اور روس کے مابین پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن کی اہمیت کا اعادہ کیا ۔

وزیراعظم خان نے انسانی بحران سے نمٹنے اور افغانستان میں ممکنہ اقتصادی بحران کو روکنے کی فوری ضرورت پر زور دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک مستحکم، پرامن افغانستان کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔ وزیراعظم نےشنگھائی تعاون تنظیم سمیت مختلف فورمز پر پاک روس تعاون اور ہم آہنگی پر زور دیا۔

مسٹر خان نے مقبوضہ کمشیر میں انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر روشنی ڈالی۔ وزیر اعظم نے علاقائی امن و استحکام کی اہمیت اور توازن کو برقرار رکھنے میں معاون اقدامات پر بھی زور دیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے روس اور یوکرین کے درمیان تازہ ترین صورتحال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پذیر ممالک ہمیشہ تنازعات کی صورت میں معاشی طور پر سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں۔ تنازعات کو مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔ وزیراعظم نے دنیا میں انتہا پسندی اور اسلامو فوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحانات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button