خلیجی خبریںمتحدہ عرب امارات

سیملیس مڈل ایسٹ 2022 منگل سے شروع ہوگی

خلیج اردو: ڈیجیٹل اکانومی ٹیکنالوجیز (سیملیس مڈل ایسٹ 2022) کی کانفرنس اور نمائش دبئی میں 31 مئی سے یکم جون تک ورلڈ ٹریڈ سنٹر میں ہوگی۔ نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ عزت مآب لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زاید آل نھیان کی زیرسرپرستی ہونے والی اس تقریب کا اہتمام آراو لیگ، عرب یونین برائے ڈیجیٹل اکانومی اور ٹیراپن انٹرنیشنل نے مشترکہ طور پر کیا ہے۔

کانفرنس میں عرب ڈیجیٹل اکانومی انڈیکس 2022 رپورٹ کا اعلان متوقع ہے، جو 2018 میں ابوظہبی میں اعلان کردہ ڈیجیٹل اکانومی کے لیے عرب وژن کے اہم ترین اقدامات میں سے ایک ہے۔ رپورٹ کا مقصد اقتصادی استحکام، مواقع اور ترقی کے شعبوں کو اجاگر کرتے ہوئے تمام عرب ممالک کی موجودہ ڈیجیٹل و اقتصادی صورتحال کی عکاسی کرنا ہے۔

یہ پورے عرب خطے کے پالیسی سازوں کو طویل مدتی اقتصادی اور ڈیجیٹل ترقی کے مقاصد کو حاصل کرنے، پیداوار کو بہتر بنانے ، لیبر مارکیٹ اور کاروبار کو بڑھانے کے لیے کلیدی ادراک اور سفارشات فراہم کرتی ہے۔

یہ کانفرنس اور نمائش مشرق وسطیٰ میں ڈیجیٹل اکانومی کے حوالے سے سب سے بڑاایونٹ سمجھا جاتا ہے، جس میں 350 بین الاقوامی کمپنیاں شریک ہوتی ہیں۔ اس سال کے ایڈیشن میں بھی زبردست ٹرن آؤٹ دیکھنے کو ملے گا، کیونکہ اب تک 10 ہزار سے زیادہ شرکا کی رجسٹریشن ہوچکی ہے جن میں اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم اور انٹرنیشنل ٹیلی کمیونیکیشن یونین جیسے بین الاقوامی اداروں کے 350 سے زیادہ مقررین شامل ہیں۔

نمائش کے موقع پر 200 خصوصی سیشنز کا انعقاد کیا جائے گاجن میں ڈیجیٹل انقلاب میں جدید ترین ٹیکنالوجیز اور چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی۔ بین الاقوامی ماہرین کا منتخب گروپ کانفرنس کے سیشنز میں حصہ لے گا جو کانفرنس کے اہم موضوعات بشمول سمارٹ سروسز و ایپلی کیشنز، مالیاتی خدمات، ڈیجیٹل ادائیگی، مصنوعی ذہانت، ای کامرس اور بینکنگ خدمات پر اپنے خیالات کا اظہار کریںگے۔

سرکاری اور نجی شعبوں میں جدید ڈیجیٹل ایپلی کیشنز پر درجنوں سیشنز اور لیکچرز بھی منعقد کیے جائیں گے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button